سورة الحشر - آیت 22

هُوَ اللَّهُ الَّذِي لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ ۖ عَالِمُ الْغَيْبِ وَالشَّهَادَةِ ۖ هُوَ الرَّحْمَٰنُ الرَّحِيمُ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

وہ اللہ ہی ہے جس کے سوا کوئی الٰہ نہیں۔ وہ غائب [٢٧] اور حاضر ہر چیز کو جاننے والا ہے۔ وہ نہایت مہربان [٢٨] اور رحیم ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(16) ذیل میں مذکورہ تینوں آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے اپنی عظمت و کبریائی کے اوصاف بیان کر کے، انسانوں کو مزید تنبیہ کی ہے کہ ان کے دل باری تعالیٰ کی خشیت سے کیسے خالی ہوتے ہیں، ان پر کپکپی کیوں طاری نہیں ہوتی، وہ تو وہ معبود برحقہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ تو غائب و حاضر سب کچھ کا جاننے والا ہے، اس کی رحمت عام و خاص تو سارے جہان کی مخلوقات کو ڈھانکے ہوئی ہے۔