وَلَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ نَسُوا اللَّهَ فَأَنسَاهُمْ أَنفُسَهُمْ ۚ أُولَٰئِكَ هُمُ الْفَاسِقُونَ
اور ان لوگوں کی طرح نہ ہوجانا جو اللہ کو بھول [٢٥] گئے تو اللہ نے انہیں ایسا بھلایا کہ وہ اپنے آپ کو بھی بھول گئے۔ یہی لوگ فاسق ہیں
آیت (19) میں اللہ نے مومنوں کو نصیحت کی کہ وہ دنیا کی شہوتوں اور لذتوں میں مشغول ہو کر، اللہ کی یاد سے غافل نہ ہوجائیں، ورنہ وہ انہیں یہ سزا دے گا کہ انہیں روحانی رفعت و بلندی کے حصول پر دھیان دینے سے غافل کر دے گا اور وہ اپنے جسموں کے آرام و آسائش کو ہی اپنا مطمع نظر بنا لیں گے۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ الکہف آیت (28) میں فرمایا ہے : İوَلَا تُطِعْ مَنْ أَغْفَلْنَا قَلْبَهُ عَنْ ذِكْرِنَا وَاتَّبَعَ هَوَاهُ وَكَانَ أَمْرُهُ فُرُطًاĬ ” اور آپ اس کا کہنا نہ مانئے جس کے دل کو ہم نے اپنی یاد سے غافل کردیا ہے اور جو اپنی خواہش کے پیچھے پڑا رہا ہے اور جس کا معاملہ حد سے بڑھ گیا ہے۔ “ آیت کے آخر میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جو لوگ دین اسلام کی حدود کو پھلانگ گئے، اللہ کے ساتھ بدعہدی کی اور اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ خیانت اور غداری کی، وہی لوگ درحقیقت اللہ کی بندگی سے روگردانی کرنے والے ہیں۔