سورة الطور - آیت 49

وَمِنَ اللَّيْلِ فَسَبِّحْهُ وَإِدْبَارَ النُّجُومِ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور رات کو بھی اس کی تسبیح کیجئے اور ستاروں کے غروب [٤٣] ہونے کے بعد بھی۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

ان حضرات نے اپنی اس رائے کی تائید میں آنے والی آیت (49) پیش کی ہے، جس میں اللہ تعالیٰ نے آپ (ﷺ) کو رات میں بیدار ہو کر اور رات کے آخری حصہ میں اپنے رب کی تسبیح بیان کرنے کا حکم دیا ہے، یعنی اس سے معلوم ہوا کہ اوپر والی آیت (48) میں İحِينَ تَقُومُĬ سے مراد پنجوقتہ نماز ہے۔ مجاہد نے İحِينَ تَقُومُĬ سے مراد ہر مجلس سے اٹھنا لیا ہے، مسند احمد میں ابوہریرہ (رض) سے مروی ہے، رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا کہ جو شخص کسی مجلس میں بیٹھے اور کثرت سے اونچی آواز میں بات کرے، اور اٹھنے سے پہلے کہے :“ سبحانک اللھم وبحمدک اشھدان لا الہ الا اللہ استغفرو اتوب الیک ” تو اللہ تعالیٰ اس کے اس مجلس کے گناہوں کو معاف کر دے گا، اس حدیث کو ترمذی اور حاکم نے بھی روایت کی ہے۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ İإِدْبَارَ النُّجُومِĬ یعنی رات کے بالکل آخری حصہ میں اللہ کی تسبیح بیان کرنے میں فجر کی نماز بھی داخل ہے اور ابن عباس (رض) کے نزدیک İإِدْبَارَ النُّجُومِĬ سے مراد نماز فجر سے پہلے کی دو رکعتیں ہیں، صحیحین میں عائشہ (رض) سے مروی ہے کہ نبی کریم (ﷺ) فجر کی دو رکعتوں سے زیادہ کسی نفل نماز کا اہتمام نہیں کرتے تھے اور امام مسلم کی ایک روایت میں ہے کہ فجر کی دو رکعتیں دنیا و مافیہما سے بہتر ہے۔ وباللہ التوفیق