بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ
شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے
سورۃ محمد مدنی ہے، اس میں اڑتیس آیتیں ہیں، اور چار رکوع ہیں تفسیر سورۃ محمد نام : آیت (2) ﴿وَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَآمَنُوا بِمَا نُزِّلَ عَلَى مُحَمَّدٍ وَهُوَ الْحَقُّ مِنْ رَبِّهِمْ كَفَّرَ عَنْهُمْ سَيِّئَاتِهِمْ وَأَصْلَحَ بَالَهُمْ﴾ سے ماخوذ ہے اس سورت کا ایک دوسرا نام ” قتال“ بھی ہے، جو آیت (20) ﴿فَإِذَا أُنْزِلَتْ سُورَةٌ مُحْكَمَةٌ وَذُكِرَ فِيهَا الْقِتَالُ رَأَيْتَ الَّذِينَ فِي قُلُوبِهِمْ مَرَضٌ يَنْظُرُونَ إِلَيْكَ نَظَرَ الْمَغْشِيِّ عَلَيْهِ مِنَ الْمَوْتِ﴾ سے ماخوذ ہے۔ زمانہ نزول : ماوردی کا قول ہے کہ یہ سورت تمام کے نزدیک مدنی ہے، ابن عباس اور قتادہ نے آیت (13) ﴿وَكَأَيِّنْ مِنْ قَرْيَةٍ هِيَ أَشَدُّ قُوَّةً مِنْ قَرْيَتِكَ﴾ کے بارے میں کہا ہے کہ یہ آیت حجتہ الوداع کے بعد مکہ سے روانگی کے وقت نازل ہوئی تھی، اس وقت آپ (ﷺ) کی آنکھوں سے آنسو جاری تھا۔