سورة الأحقاف - آیت 28

فَلَوْلَا نَصَرَهُمُ الَّذِينَ اتَّخَذُوا مِن دُونِ اللَّهِ قُرْبَانًا آلِهَةً ۖ بَلْ ضَلُّوا عَنْهُمْ ۚ وَذَٰلِكَ إِفْكُهُمْ وَمَا كَانُوا يَفْتَرُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

پھر ان ہستیوں نے ان کی کیوں مدد نہ کی۔ جنہیں [٤٠] ان لوگوں نے اللہ کے سوا تقرب الی اللہ کا ذریعہ سمجھ کر الٰہ بنا رکھا تھا ؟ بلکہ وہ ان سے گم ہوجائیں گی اور یہ نتیجہ ہوگا ان کے جھوٹ کا اور اس بات کا جو جھوٹے عقیدے انہوں نے گھڑ رکھے تھے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(19) اے اہل قریش ! اگر وہ قومیں اپنے اس دعویٰ میں سچی تھیں کہ جن بتوں کی وہ عبادت کرتی ہیں وہ انہیں ان کے رب سے قریب کردیں گے اور ان کے لئے سفارشی بنیں گے تو پھر انہیں عذاب الٰہی سے کیوں نہیں بچا لیا، اس وقت تو ان کا پتہ ہی نہیں تھا، یہ سب ان کی اس افترا پردازی کا نتیجہ تھا کہ وہ اصنام ان کے معبودہیں اور اللہ کے نزدیک ان کے سفارشی بنیں گے۔