سورة الأحقاف - آیت 17

وَالَّذِي قَالَ لِوَالِدَيْهِ أُفٍّ لَّكُمَا أَتَعِدَانِنِي أَنْ أُخْرَجَ وَقَدْ خَلَتِ الْقُرُونُ مِن قَبْلِي وَهُمَا يَسْتَغِيثَانِ اللَّهَ وَيْلَكَ آمِنْ إِنَّ وَعْدَ اللَّهِ حَقٌّ فَيَقُولُ مَا هَٰذَا إِلَّا أَسَاطِيرُ الْأَوَّلِينَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور جس شخص نے اپنے والدین سے کہا'': تف ہو تم پر، تم مجھے اس بات سے ڈراتے ہو کہ میں (زندہ کرکے زمین سے) نکالا جاؤں گا حالانکہ مجھ [٢٦] سے پہلے بہت سی نسلیں گزر چکی ہیں۔ (اور ان میں سے کوئی بھی جی کر نہیں اٹھا) اور وہ دونوں اللہ کی دہائی دے کر اسے کہتے : ’’تیرا ستیاناس۔ ہماری بات مان جا کیونکہ اللہ کا وعدہ سچا ہے‘‘ تو وہ کہتا ہے : ’’یہ تو بس پہلے لوگوں کی داستانیں [٢٧] ہیں‘‘

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(13) اوپر مومن لڑکے کے اوصاف بیان کئے گئے ہیں، اب کافر لڑکے اور اس کی بد اعمالیوں کو بیان کیا جا رہا ہے کہ جب اس کے والدین نے اسے اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لانے اور نیک عمل کرنے کی دعوت دی تو اس نے ان سے کہا کہ میں تم سے اور تمہاری باتوں سے تنگ آچکا ہوں، کیا تم مجھے اس بات کا یقین دلانا چاہتے ہو کہ مرنے کے بعد اپنی قبر سے دوبارہ اٹھایا جاؤں گا، حالانکہ سبھی جانتے ہیں کہ مجھ سے پہلے بہت سی قومیں آئیں اور گذر گئیں اور کوئی واپس نہیں آیا ماں باپ اس کی کافرانہ باتیں سن کر اللہ تعالیٰ سے اس کے لئے توفیق ایمان کی دعا کرنے لگے اور اس سے کہنے لگے کہ اپنی ہلاکت و بربادی سے بچو، ایمان لے آؤ، اللہ کے وعدہ آخرت کی تصدیق کرو اور اقرار کرلو کہ مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جاؤ گے اللہ کا اپنی مخلوق سے یہ وعدہ برحق ہے کہ وہ انہیں ان کی قبروں سے زندہ اٹھا کر میدان محشر میں لاکھڑا کرے گا، تاکہ ان کے اعمال کا انہیں بدلہ چکائے۔ کافر لڑکے نے اپنے ماں باپ کی نصیحت کو ٹھکرا دیا اور اللہ کے وعدہ آخرت کی تکذیب کرتے ہوئے کہا کہ بعث بعد الموت کا عقیدہ گزشتہ قوموں میں رائج ایک افسانہ ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔