سورة الجاثية - آیت 12

اللَّهُ الَّذِي سَخَّرَ لَكُمُ الْبَحْرَ لِتَجْرِيَ الْفُلْكُ فِيهِ بِأَمْرِهِ وَلِتَبْتَغُوا مِن فَضْلِهِ وَلَعَلَّكُمْ تَشْكُرُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اللہ ہی ہے جس نے سمندر [١٥] کو تمہارے تابع کردیا تاکہ اس کے حکم سے اس میں کشتیاں چلیں۔ اور تم اس کا فضل [١٦] تلاش کرو اور اس کے شکرگزار بنو

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(7) ذیل کی آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے اپنی بعض نعمتوں کا ذکر کیا ہے، جن سے بنی نوع انسان استفادہ کرتے ہیں، اور جو ایمان باللہ کی دعوت دیتی ہیں اور اس کی طاعت و بندگی پر ابھارتی ہیں اور مقصود اہل قریش کو اللہ کی قدرت و وحدانیت اور اس کے احسانات کا قائل کرنا ہے تاکہ ایمان لے آئیں اور دائرہ اسلام میں داخل ہوجائیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اسی نے تمہارے لئے سمندر کو مسخر کردیا ہے تاکہ اس کے حکم سے تمہاری کشتیاں اس میں چلتی رہیں اور تاکہ تم اس کی نعمتیں حاصل کرو۔ چنانچہ آدمی کشتیوں کے ذریعہ سفر کر کے دوسرے شہروں میں علم حاصل کرنے اور تجارت کے لئے جاتا ہے، اللہ کی راہ میں جہاد کرتا ہے اور سمندروں میں غوطے لگا کر موتی نکالتا ہے اور نوع بہ نوع مچھلیوں کا شکار کرتا ہے۔ ان نعمتوں کا تقاضا ہے کہ انسان اپنے اس خالق ور ازق کا شکر ادا کرے جس نے یہ نعمتیں دی ہیں اور صرف اسی کی عبادت کرے۔