سورة الزخرف - آیت 45

وَاسْأَلْ مَنْ أَرْسَلْنَا مِن قَبْلِكَ مِن رُّسُلِنَا أَجَعَلْنَا مِن دُونِ الرَّحْمَٰنِ آلِهَةً يُعْبَدُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور ہم نے آپ سے پہلے جو رسول بھیجے تھے ان سے پوچھ [٤٤] لیجئے کہ : ''آیا ہم نے رحمٰن کے سوا کوئی اور الٰہ بنائے ہیں جن کی عبادت کی جائے؟''

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(19) تمام انبیائے کرام نے توحید باری تعالیٰ کی دعوت دی، کسی نے بھی بتوں کی پرستش کی طرف لوگوں کو نہیں بلایا، یعنی آپ نے اہل قریش کے سامنے کوئی نئی دعوت نہیں پیش کی ہے کہ وہ آپ کی تکذیب کر رہے ہیں اور آپ کے در پئے آزاد ہیں۔ یہ تو وہی دعوت ہے جو تمام انبیاء نے اپنی قوموں کے سامنے پیش کی تھی اور نبی کریم (ﷺ) سے یہ جو کہا گیا ہے کہ آپ گزشتہ انبیاء سے پوچھ لیجیے تو اس سے مقصود تورات و انجیل کا علم رکھنے والے مومنوں سے پوچھنا ہے اس لئے کہ ان سے پوچھنا گویا ان انبیاء سے پوچھنا ہے جن پر وہ کتابیں نازل ہوئی تھیں۔