سورة غافر - آیت 18

وَأَنذِرْهُمْ يَوْمَ الْآزِفَةِ إِذِ الْقُلُوبُ لَدَى الْحَنَاجِرِ كَاظِمِينَ ۚ مَا لِلظَّالِمِينَ مِنْ حَمِيمٍ وَلَا شَفِيعٍ يُطَاعُ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور (اے نبی!) انہیں قریب آ پہنچنے [٢٤] والے دن سے ڈرائیے جب غم کے مارے کلیجے منہ کو آرہے [٢٥] ہوں گے (اس دن) ظالموں کا نہ کوئی حمایتی ہوگا اور نہ ایسا سفارشی [٢٦] جس کی بات مانی جائے

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(10) اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کو حکم دیا کہ آپ اپنی قوم کو قیامت کے دن سے ڈرائیے، جو بہت ہی قریب ہوچکا ہے، تاکہ شرک و معاصی کا ارتکاب کر کے اس دن کے عذاب کے مستحق نہ بن جائیں اس دن لوگوں کے دلوں پر ایسا خوف و رعب طاری ہوگا کہ دل اپنی جگہ چھوڑ کر حلق تک پہنچ جائیں گے۔ نہ نکل پائیں گے اور نہ ہی اپنی اصلی جگہ لوٹ سکیں گے اور دنیا میں اپنے برے کرتوتوں کی وجہ سے غم سے نڈھال ہوں گے ان پر مکمل سکوت طاری ہوگا، شرک و معاصی کا ارتکاب کرنے والوں کا اس دن نہ کوئی رشتہ دار ہوگا اور نہ کوئی مونس و غم و خوار اور نہ کوئی سفارشی ہوگا، انتہائی مایوسی کا عالم ہوگا۔ العیاذ باللہ