سورة الزمر - آیت 30
إِنَّكَ مَيِّتٌ وَإِنَّهُم مَّيِّتُونَ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
(اے نبی!) بلاشبہ آپ کو مرنا [٤٦] ہے اور یہ بھی مرنے والے ہیں
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(21) اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کو خبر دی ہے کہ آپ کو اور تمام انسانوں کو موت لاحق ہوگی اس میں کفار مکہ کی تردید ہے جو نبی کریم (ﷺ) کی موت کی تمنا کرتے تھے، ان سے کہا جا رہا ہے کہ اگر محمد مر جائیں گے تو تم لوگ بھی تو مر جاؤ گے، اس لئے کسی کی موت پر خوش ہونا اچھی بات نہیں ہے۔ نیز ان بعض صحابہ کرام کی فکر کی تصحیح کی گئی ہے جو گمان کرتے تھے کہ نبی کریم (ﷺ) پر موت طاری نہیں ہوگی اور اس کے بعد والی آیت میں جو بات کہی گئی ہے اس کی تمہید بھی ہے، یعنی دنیا ختم ہوجائے گی، سارے لوگ مر جائیں گے اور قیامت کے دن مومن و کافر اور ظالم و مظلوم سب لوگ اللہ کے سامنے کھڑے ہو کر اپنے حقوق کے لئے ایک دوسرے سے جھگڑیں گے۔