سورة الزمر - آیت 24

أَفَمَن يَتَّقِي بِوَجْهِهِ سُوءَ الْعَذَابِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۚ وَقِيلَ لِلظَّالِمِينَ ذُوقُوا مَا كُنتُمْ تَكْسِبُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

پھر جو شخص قیامت کے دن کے سخت [٤٠] عذاب کو اپنے چہرے پر روکے گا (اس کی بے بسی کا کچھ اندازہ ہوسکتا ہے؟) اور ظالموں سے کہا جائے گا کہ اپنی ان کرتوتوں کا مزا چکھو جو تم کیا کرتے تھے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(18) سخت دل کفار و مشرکین کا دنیا میں یہ حال بیان کیا گیا کہ وہ ضلالت کی وادیوں میں بھٹکتے رہتے ہیں اور آخرت میں ان کا حال یہ ہوگا کہ ان کے ہاتھ پیٹھ کی طرف یا گردن کے ساتھ باندھ دیئے جائیں گے اور اوندھے منہ جہنم میں ڈال دیئے جائیں گے، اللہ تعالیٰ نے ان کی شقاوت و بدنصیبی بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ کیا وہ لوگ ان کے مانند ہو سکتے ہیں جو جنت کے باغوں میں پرامن زندگی گذار رہے ہوں گے؟ عطاء اور ابن زید کہتے ہیں کہ جہنمی کے دونوں ہاتھ اس کی پیٹھ کی طرف باندھ کر چہرہ کے بل آگ میں ڈال دیا جائے گا اور مجاہد کہتے ہیں کہ اسے چہرہ کے بل جہنم میں گھسیٹا جائے گا اور ظالم جہنمیوں سے زجر و توبیخ کے طور پر کہا جائے گا کہ اپنے کرتوتوں کا مزا چکھتے رہو۔