قُلْ إِن ضَلَلْتُ فَإِنَّمَا أَضِلُّ عَلَىٰ نَفْسِي ۖ وَإِنِ اهْتَدَيْتُ فَبِمَا يُوحِي إِلَيَّ رَبِّي ۚ إِنَّهُ سَمِيعٌ قَرِيبٌ
آپ ان سے کہئے کہ ''اگر میں راہ بھولا ہوا ہوں تو اس بھول کا وبال مجھ پر [٧٥] ہوگا اور اگر میں سیدھی راہ پر گامزن ہوں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ میرا پروردگار میری طرف وحی کرتا ہے وہ یقیناً سب کچھ سننے والا ہے اور قریب ہے۔
مشرکین آپ کے بارے میں کہتے ہیں کہ محمد اپنے باپ دادوں کا دین چھوڑ کر گمراہ ہوگیا، تو آپ ان سے کہہ دیجیے کہ اگر میں اپنے نفس کا غلام بن کر گمراہ ہوگیا ہوں، تو اس کا وبال مجھ پر پڑے گا اور اگر میں نے اللہ کی بھیجی ہوئی ہدایت کو قبول کرلیا ہے اور راہ راست پر گامزن ہوگیا ہوں تو مجھ پر یہ اللہ کا فضل و کرم ہے کہ اس نے مجھے اس کی توفیق بخشی، اور وہ بڑا سننے والا اور بہت ہی قریب ہے۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ آیت میں مذکور آخری بات کہ مجھے تو دعوت الی اللہ کا اجر صرف اپنے رب سے چاہئے، تمام داعیان حق کے لئے عام ہے، اس لئے جب اللہ نے آپ (ﷺ) کو (عظیم المرتبت نبی ہونے کے باوجود) یہ حکم دیا کہ اپنے بارے میں ایسی بات کہیں تو دوسرے لوگ بدرجہ اولیٰ اس حکم میں داخل ہیں۔