سورة سبأ - آیت 2

يَعْلَمُ مَا يَلِجُ فِي الْأَرْضِ وَمَا يَخْرُجُ مِنْهَا وَمَا يَنزِلُ مِنَ السَّمَاءِ وَمَا يَعْرُجُ فِيهَا ۚ وَهُوَ الرَّحِيمُ الْغَفُورُ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

جو کچھ زمین میں داخل ہوتا ہے یا اس سے نکلتا ہے نیز جو کچھ آسمان سے اترتا اور جو کچھ آسمان [٣] میں چڑھتا ہے، وہ ہر چیز کو جانتا ہے اور وہ رحم کرنے والا ہے اور معاف [٤] کرنے والا ہے

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

2 -اللہ تعالیٰ سے کوئی چیز مخفی نہیں ہے، وہ آسمانوں اور زمین کے درمیان کی ہر چیز کا علم رکھتا ہے۔ زمین کے اندر جو کچھ ہے، چاہے وہ پانی کے خزانے ہوں یا دوسری چیزوں کے اور زمین سے جو کچھ نکلتا ہے یعنی درخت، پودے، غلے اور حیوانات اور آسمان سے جو کچھ نازل ہوتا ہے یعنی بارش، برف، اولے، بجلیاں، بندوں کی روزی، فرشتے اور طحائف آسمانی اور جو کچھ آسمان کی طرف چڑھتا ہے یعنی فرشتے اور بندوں کے اعمال ان سب کا علم صرف اللہ کو ہوتا ہے اور وہ اپنے توبہ کرنے والے بندوں کے گناہوں کو معاف کرتا رہتا ہے۔