قُلْ مَن ذَا الَّذِي يَعْصِمُكُم مِّنَ اللَّهِ إِنْ أَرَادَ بِكُمْ سُوءًا أَوْ أَرَادَ بِكُمْ رَحْمَةً ۚ وَلَا يَجِدُونَ لَهُم مِّن دُونِ اللَّهِ وَلِيًّا وَلَا نَصِيرًا
آپ ان سے پوچھئے کہ : اگر اللہ تمہیں تکلیف دینا چاہے تو کون ہے جو اس سے تمہیں بچا سکے؟ یا اگر تم پر مہربانی کرنا چاہے [٢٢] (تو کون ہے جو اسے روک سکے) اللہ کے مقابلے میں یہ لوگ نہ کوئی اپنا حامی پاسکتے ہیں اور نہ مددگار
(14) اللہ تعالیٰ نے ان سے اپنے نبی کی زبانی یہ بھی کہا کہ اگر اللہ تعالیٰ تمہیں شکست دینا چاہے، تمہیں ہلاک کرنا چاہے یا کسی اور عذاب میں مبتلا کرنا چاہے، تو اس کے سوا تمہیں کون بچا سکے گا، یا اگر وہ تم پر رحم کرتے ہوئے زرخیزی و کامیابی اور عافیت و صحت سے نوازنا چاہے، تو اس کو کون منع کرسکتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ کے سوا بندوں کا نہ کوئی یار ہے اور نہ مددگار ان کے لئے اس کی جناب کے سوا کوئی دوسری جائے پناہ نہیں ہے۔