وَإِذَا قِيلَ لَهُمُ اتَّبِعُوا مَا أَنزَلَ اللَّهُ قَالُوا بَلْ نَتَّبِعُ مَا وَجَدْنَا عَلَيْهِ آبَاءَنَا ۚ أَوَلَوْ كَانَ الشَّيْطَانُ يَدْعُوهُمْ إِلَىٰ عَذَابِ السَّعِيرِ
اور جب انھیں کہا جاتا ہے کہ جو کچھ اللہ نے نازل کیا ہے۔ اس کی پیروی کرو تو کہتے ہیں (نہیں) ''بلکہ ہم تو اسی چیز کی پیروی کریں گے جس پرہم نے اپنے آباء و اجداد کو پایا ہے'' کیا (یہ انہی کی پیروی کریں گے) خواہ شیطان انھیں دوزخ کے عذاب [٢٩] کی طرف بلاتا رہا ہو؟
(14) اور جب ان مشرکین مکہ سے کہا جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول محمد (ﷺ) پر جو دین و شریعت اور جو آسمانی کتاب نازل کی ہے، اس کی پیروی کرو تو وہ کہتے ہیں کہ ہم اپنے باپ دادوں کی ہی راہ پر چلیں گے اور انہی کے بتوں کی پرستش کریں گے۔ اللہ نے فرمایا کہ کیا وہ انہی آباء و اجداد کی پیروی کریں گے، اگرچہ شیطان انہیں اس شرک و بت پرستی کی طرف بلا رہا ہو جو جہنم میں داخل ہونے کا سبب ہو اور جو آباء و اجداد کے ساتھ انہیں بھی وہیں پہنچا دے؟