سورة الروم - آیت 37

أَوَلَمْ يَرَوْا أَنَّ اللَّهَ يَبْسُطُ الرِّزْقَ لِمَن يَشَاءُ وَيَقْدِرُ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِّقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

کیا انہوں نے دیکھا نہیں کہ اللہ جس کا چاہے رزق زیادہ کردیتا ہے اور (جس کا چاہے) کم کردیتا ہے۔ ایمان [٤١] لانے والوں کے لئے اس میں بھی کئی نشانیاں ہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(23) یہ استفہام انکاری ہے کہ جو لوگ اللہ کی رحمت سے ناامید ہوجاتے ہیں، کیا وہ دیکھتے نہیں کہ اللہ جس کی چاہتا ہے روزی بڑھا دیتا ہے، اس کی رحمت کے خزانوں میں کوئی کمی نہیں اور جس کی چاہتا ہے گھٹا دیتا ہے، وہی مصلحتوں کو جانتا ہے اس لئے بندوں کو چاہئے کہ اس کی رحمت سے ناامید نہ ہوں، اور گناہوں سے تائب ہو کر اس سے طلب مغفرت کریں تاکہ وہ اپنی رحمت اور اپنے فضل و کرم کا دروازہ دوبارہ کھول دے۔