سورة النور - آیت 64

أَلَا إِنَّ لِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۖ قَدْ يَعْلَمُ مَا أَنتُمْ عَلَيْهِ وَيَوْمَ يُرْجَعُونَ إِلَيْهِ فَيُنَبِّئُهُم بِمَا عَمِلُوا ۗ وَاللَّهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

یاد رکھو! جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے سب اللہ ہی کا ہے۔ تم جس روش پر بھی ہو اللہ اسے جانتا ہے۔ اور جس دن لوگ اس کی طرف لوٹائے جائیں گے تو وہ [١٠٣] انھیں بتلا دے گا کہ وہ کیا کرتے رہے۔ اور اللہ ہر چیز کو خوب جانتا ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

39۔ آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے سب کو اللہ نے پیدا کیا ہے، سب اسی کے مملوک اور غلام ہیں وہ جیسے چاہتا ہے ان میں تصرف کرتا ہے اور جو چاہتا ہے فیصلہ کرتا ہے، اس کے فیصلوں میں کوئی مداخلت نہیں کرسکتا، اور اس نے اپنا رسول اس لیے بھیجا ہے تاکہ اس کی اتباع کی جائے، جو لوگ اس کی مخالفت کرتے ہیں انہیں ڈر کر رہنا چاہیے کہ کہیں وہ اس کی گرفت میں نہ آجائیں، وہ ذات برحق انسانوں کے تمام ظاہر و باطن کو جانتا ہے، اور قیامت کے دن سب کو اسی کے پاس لوٹ کر جانا ہے، اس دن وہ انہیں ان کے تمام اقوال و اعمال کی خبر دے گا اور جو لوگ دنیا میں اس کے رسولوں کی مخالفت کرتے ہیں، انہیں دردناک عذاب میں مبتلا کرے گا۔