سورة الحج - آیت 35

الَّذِينَ إِذَا ذُكِرَ اللَّهُ وَجِلَتْ قُلُوبُهُمْ وَالصَّابِرِينَ عَلَىٰ مَا أَصَابَهُمْ وَالْمُقِيمِي الصَّلَاةِ وَمِمَّا رَزَقْنَاهُمْ يُنفِقُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور یہ وہ لوگ ہیں کہ جب اللہ کا ذکر کیا جائے تو ان کے دل دہل جاتے ہیں اور اگر انھیں کوئی مصیبت پہنچے تو اس پر صبر کرتے ہیں اور نماز قائم کرتے ہیں [٥٤] اور جو کچھ ہم نے انھیں دے رکھا ہے [٥٥] اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

اس کے بعد نبی کریم (ﷺ)کو حکم دیا کہ آپ خشوع و خضوع اختیار کرنے والے اللہ کے مخلص بندوں کو اپنے رب کی جانب سے اچھے انجام کی خوشخبری دے دیجیے، جن کی خوبیاں یہ ہیں کہ جب ان کے سامنے اللہ کا ذکر آتا ہے تو اس کی بندگی میں تقصیر اور اس کی یاد میں غفلت کے احساس سے ان کے دل کانپ جاتے ہیں اور جب وہ کسی مصیبت میں گرفتار ہوجاتے ہیں تو گھبراتے نہیں اور زبان پر کلمہ شکوہ نہیں لاتے، بلکہ صبر و شکیبائی سے کام لیتے ہیں، اور جو پانچوں وقت کی نمازیں مسجد میں مسلمانوں کے ساتھ تمام شروط و ارکان کا لحاظ کرتے ہوئے ادا کرتے ہیں اور اللہ نے انہیں جو روزی دی ہے اس میں سے اپنے اہل و عیال فقرا و مساکین اور اللہ کے دیگر بندوں پر خرچ کرتے ہیں۔