سورة مريم - آیت 97

فَإِنَّمَا يَسَّرْنَاهُ بِلِسَانِكَ لِتُبَشِّرَ بِهِ الْمُتَّقِينَ وَتُنذِرَ بِهِ قَوْمًا لُّدًّا

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

پس (اے نبی) ہم نے اس قرآن کو آپ کی زبان میں آسان بنا دیا ہے تاکہ آپ اس سے پرہیزگاروں کو بشارت دیں اور کج بحثی [٨٣] کرنے والوں کو ڈرائیں۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(56) صاحب کشاف نے لکھا ہے کہ سورت کے آخرت میں اللہ تعالیٰ نے گویا یوں کہا ہے کہ اے میرے نبی آپ اس قرآن کو لوگوں تک پہنچا دیجیے، یا انہیں قرآن کی آیتیں سنا کر جنت کی خوشخبری اور جہنم سے ڈرا دیجیے، اس لیے کہ ہم نے اسے آپ کی زبان میں اتار کر اس کی قرات اور اس کی تفہیم و توضیح آسان بنا دی ہے، تاکہ اللہ کے عقاب سے ڈرنے والوں کو آپ جنت کی خوشخبری دیں اور کفار قریش کو جو بدترین جھگڑالو ہیں عذاب نار کا خوف دلائیں۔