وَمَن يَهْدِ اللَّهُ فَهُوَ الْمُهْتَدِ ۖ وَمَن يُضْلِلْ فَلَن تَجِدَ لَهُمْ أَوْلِيَاءَ مِن دُونِهِ ۖ وَنَحْشُرُهُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ عَلَىٰ وُجُوهِهِمْ عُمْيًا وَبُكْمًا وَصُمًّا ۖ مَّأْوَاهُمْ جَهَنَّمُ ۖ كُلَّمَا خَبَتْ زِدْنَاهُمْ سَعِيرًا
جسے اللہ ہدایت دے دے وہی ہدایت پاسکتا ہے اور جسے وہ گمراہ کرے تو ایسے لوگوں کے لئے اللہ کے سوا آپ کوئی مددگار نہ پائیں گے اور قیامت کے دن ہم انھیں اوندھے منہ اندھے [١١٥]، گونگے اور بہرے (بنا کر) اٹھائیں گے۔ ان کا ٹھکانا جہنم ہے۔ جب بھی اس کی آگ بجھنے لگی گی ہم اسے ان پر اور بھڑکا دیں گے۔
(62) رشد و ہدایت اور ضلالت و گمراہی اللہ تعالیٰ کی مشیت کے تابع ہے، وہ جسے ہدایت دینا چاہتا ہے وہی راہ راست پر آلگتا ہے اور جسے خود اس کے غلط راہ کو اختیار کرنے کی وجہ سے گمراہ کردیتا ہے اسے نہ کوئی راہ راست پر لاسکتا ہے اور نہ ہی اس کے قہر و غضب سے بچا سکتا ہے۔ آیت کریمہ میں ہدایت پانے والے کے لیے مفرد کی ضمیر استعمال ہوئی ہے İفَهُوَ الْمُهْتَدِĬ اور گمراہوں کے لیے جمع کی ضمİفَلَنْ تَجِدَ لَهُمْĬ مفسرین لکھتے ہیں کہ اس میں اس طرف اشارہ ہے کہ حق کا راستہ ایک ہے اور اسے اختیار کرنے والے کم ہوتے ہیں اور کفر و ضلالت کی راہیں متعدد ہیں اور گمراہوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آگے فرمایا ہے کہ قیامت کے دن کافروں کو ہم ان کے چہروں کے بل گھسیٹیں گے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ القمر آیت (48) میں فرمایا ہے : İيَوْمَ يُسْحَبُونَ فِي النَّارِ عَلَى وُجُوهِهِمْĬ جس دن کفار جہنم میں اپنے چہروں کے بل گھیسٹے جائیں گے اور چونکہ وہ دنیا میں اپنی آنکھوں سے راہ حق کو نہیں دیکھ پاتے تھے اپنی زبانوں سے کلمہ حق ادا نہیں کرتے تھے، اور کانوں سے حق بات سننا گوارہ نہیں کرتے تھے، اس لیے قیامت کے دن اندھے، گونگے اور بہرے اٹھائے جائیں گے ان کا ٹھکانا جہنم ہوگا، جس کی لپک اور تپش جب بھی کم ہوگی اللہ اسے اور زیادہ تیز کردے گا۔ زمخشری نے لکھا ہے کہ چونکہ انہوں نے بعث بعد الموت کا انکار کردیا تھا اسی لیے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن ان کے جسموں پر آگ کو مسلط کردے گا جو ان کو کھا جائے گی تو اللہ انہیں دوبارہ بنا دے گا، اور اسی طرح فنا ہونے اور دوبارہ بنائے جانے کا عمل جاری رہے گا تاکہ دنیا میں بعث بعد الموت کے انکار کی وجہ سے اس دن ان کی حسرت میں اضافہ ہوتا رہے۔