وَلَا تَكُونُوا كَالَّتِي نَقَضَتْ غَزْلَهَا مِن بَعْدِ قُوَّةٍ أَنكَاثًا تَتَّخِذُونَ أَيْمَانَكُمْ دَخَلًا بَيْنَكُمْ أَن تَكُونَ أُمَّةٌ هِيَ أَرْبَىٰ مِنْ أُمَّةٍ ۚ إِنَّمَا يَبْلُوكُمُ اللَّهُ بِهِ ۚ وَلَيُبَيِّنَنَّ لَكُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مَا كُنتُمْ فِيهِ تَخْتَلِفُونَ
اور اس عورت کی طرح نہ ہونا جس نے بڑی محنت [٩٥] سے سوت کاتا پھر خود ہی اسے ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالا۔ تم اپنی قسموں کو باہمی معاملات میں مکرو فریب کا ذریعہ بناتے ہو کہ ایک جماعت دوسری سے ناجائز فائدہ حاصل کرے۔ اللہ تو ان (قسموں اور معاہدوں) کے ذریعہ [٩٦] تمہاری آزمائش کرتا ہے۔ اور قیامت کے دن تم پر یقیناً اس بات کی وضاحت کر دے گا جس سے تم اختلاف کیا کرتے تھے
(58) اس آیت کا تعلق گزشتہ آیت سے ہے، یعنی اللہ کے نام پر کئے گئے وعدوں کو پورا کرو اور اپنی قسموں کو نہ توڑو، اس لیے کہ اگر تم نے ایسا کیا تو تمہاری مثال اس احمق اور پاگل عورت کی ہوجائے گی جو مضبوط اور پائیدار دھاگے بانٹی ہو اور پھر اسے کھول کر بکھیر دیتی ہو۔ کہتے ہیں کہ مکہ میں ربطۃ بنت عمر نام کی ایک عورت تھی جو ایسا کرتی تھی، اس مثال میں اس طرح اشارہ ہے کہ عقل و ہوش والے مرد اپنی قسمیں نہیں توڑتے ہیں، اور جو لوگ ایسا کرتے ہیں وہ احمق اور نا سمجھ عورتوں کے زمرے میں داخل ہوجاتے ہیں۔ اس کے بعد اہل ایمان کو اس بات سے منع کیا گیا ہے کہ وہ اپنی قسموں کو دھوکہ دہی اور زمین میں فساد پھیلانے کا ذریعہ نہ بنائیں، مثال کے طور مسلمان کسی جماعت یا قبیلہ کے ساتھ معاہدہ کرلیں اور پھر اس پرقائم نہ رہیں اور اس جماعت یا قبیلہ کی مخالف جماعت یا قبیلہ کے ساتھ صرف اس لیے معاہدہ کرلیں کہ یہ لوگ پہلے والوں سے زیادہ طاقتور یا جتھ والے ہیں، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ایسے حالات پید اکر کے وہ تمہیں آزمانا چاہتا ہے کہ تم اپنے عہد و پیمان پر باقی رہتے ہو، یا دنیا کو آخرت پر ترجیح دے کر نقض عہد کر بیٹھتے ہو۔ اگر عہد سے نبی کریم (ﷺ) کے ہاتھ پر بیعت مراد لی جائے تو مفہوم یہ ہوگا کہ اللہ تعالیٰ مکی دور کے مسلمانوں کو آزمانا چاہتا ہے کہ وہ نبی کریم (ﷺ) کے ساتھ اپنے عہد و پیمان پر قائم رہتے ہیں یا قریش والوں کی کثرت تعداد اور قوت و جائیداد اور مسلمانوں کی قلت عدد اور محتاجی و کمزوری کی وجہ سے دھوکے میں پڑجاتے ہیں اور اسلام سے برگشتہ ہوجاتے ہیں، اور قیامت کے دن اللہ تعالیٰ حق و باطل کو واضح کردے گا اور آج جو لوگ حق پر قائم رہیں گے اور قریش کی کثرت و طاقت کے دھوکے میں نہیں پڑیں گے، اس دن انہیں اجر عظیم عطا فرمائے گا اور ان کے درجات بلند کرے گا، اور جن کے قدموں میں لغزش آجائے گی اور اسلام سے برگشتہ ہوجائیں گے انہیں عذاب میں مبتلا کرے گا۔