وَقَالَ اللَّهُ لَا تَتَّخِذُوا إِلَٰهَيْنِ اثْنَيْنِ ۖ إِنَّمَا هُوَ إِلَٰهٌ وَاحِدٌ ۖ فَإِيَّايَ فَارْهَبُونِ
اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ : دو الٰہ نہ بناؤ [٥٠] الٰہ صرف ایک ہی ہے لہٰذا مجھی سے ڈرو
(29) جب آسمان اور زمین کی تمام مخلوقات اللہ کے سامنے سرتسلیم خم کیے ہوئے ہیں اور اس بات کا اعتراف کرتی ہیں کہ صرف اسی کی ذات عبادت کے لائق ہے، اس کے علاوہ کوئی معبود نہیں، تو جن و انسان کے لیے بھی لازم ہے کہ وہ بھی عملی طور پر اس کا ثبوت بہم پہنچائیں اور ایک اللہ کے سوا دو یا زیادہ معبودوں کا انکار کردیں، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے انہیں اس آیت میں حکم دیا ہے کہ وہ اپنے لیے دو جھوٹے معبود نہ بنائیں، اس لیے کہ معبود حقیقی صرف ایک ہے، وہی عبادت کے لائق ہے، اور صرف اسی سے ڈرنا چاہیے، اس کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرنا چاہیے، اس لیے کہ سب کچھ اسی کے اختیار میں ہے، کسی دوسرے کے اختیار میں کچھ بھی نہیں ہے، وہی مارنے والا، زندہ کرنے والا اور نفع و نقصان پہنچانے والا ہے، اس کے علاوہ سبھی بالکل عاجز ہیں اور کوئی قدرت نہیں رکھتے۔