سورة النحل - آیت 48
أَوَلَمْ يَرَوْا إِلَىٰ مَا خَلَقَ اللَّهُ مِن شَيْءٍ يَتَفَيَّأُ ظِلَالُهُ عَنِ الْيَمِينِ وَالشَّمَائِلِ سُجَّدًا لِّلَّهِ وَهُمْ دَاخِرُونَ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
کیا ان لوگوں نے اللہ کی پیدا کردہ اشیاء میں سے کسی چیز کو بھی نہیں دیکھا کہ اس کا سایہ کیسے دائیں سے (بائیں) اور بائیں سے [٤٦۔ الف] (دائیں) اللہ کے سامنے سجدہ کرتے ہوئے ڈھلتا [٤٧] رہتا ہے اور یہ سب چیزیں انتہائی عجز کا اظہار کر رہی ہیں
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(28) مشرکین مکہ کو اوپر جو دھمکی دی گئی ہے اسی کی مزید تاکید کے لیے اللہ تعالیٰ نے اپنی عظمت و جلال اور کبریائی بیان کی ہے کہ یہ بات تم سے وہ اللہ کہہ رہا ہے جس کی بارگاہ میں جن و انس، حیوانات و جمادات اور فرشتے سبھی سجدہ ریز ہیں، حتی کہ ہر چیز کا سایہ بھی صبح و شام نہایت عجز و انکساری کے ساتھ اس کو سجدہ کرتا ہے اور اس کی مرضی سے سر مو انحراف نہیں کرتا ہے۔