سورة ابراھیم - آیت 41

رَبَّنَا اغْفِرْ لِي وَلِوَالِدَيَّ وَلِلْمُؤْمِنِينَ يَوْمَ يَقُومُ الْحِسَابُ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

پروردگار! مجھے، میرے والدین [٤١] اور جملہ مومنوں کو اس دن معاف فرمانا جب حساب لیا جائے گا۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اور اللہ سے یہ بھی طلب کیا کہ وہ انہیں اور ان کے ماں باپ کو اور دیگر تمام مسلمانوں کو قیامت کے دن معاف کردے۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ والدین کے لیے انہوں نے یہ دعا اس وقت کی تھی جب نہیں جانتے تھے کہ وہ دونوں اللہ کے دشمن ہیں، ایک قول یہ بھی ہے کہ ان کی ماں مسلمان ہوگئی تھیں ایک قرات میں والدی آیا ہے، یعنی دعا میں صرف اپنے والد کو مراد لیا تھا، ایک دوسری قرات میں ولدی آیا ہے، یعنی میرے دونوں بیٹوں اسماعیل اور اسحاق کو بھی معاف کردے۔