وَسَخَّرَ لَكُمُ الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ دَائِبَيْنِ ۖ وَسَخَّرَ لَكُمُ اللَّيْلَ وَالنَّهَارَ
اور تمہاری خاطر سورج اور چاند کو کام پر لگا دیا جو لگاتار چل رہے ہیں اور رات اور دن کو بھی تمہاری خاطر کام پر لگا دیا
اور آفتاب و ماہتاب کو مسخر کیا جن کی روشنی سے انسان فائدہ اٹھاتا ہے اور ان دونوں کی روشنی اور ان کی رفتار اور ایک دوسرے کے بعد آنے اور جانے میں عظیم فوائد ہیں جن کا احاطہ اللہ ہی کرسکتا ہے، ان سے زمین پر اگنے والے تمام پودے اور اس پر رہنے والے تمام حیوانات مستفید ہوتے ہیں، تاریکی دور ہوتی ہے، آفتاب کے ذریعہ سال کے مختلف موسموں کا پتہ چلتا ہے، اور ماہتاب کی چال سے مہینوں کی ابتدا و انتہا معلوم ہوتی ہے، ان دونوں کی یہ معہود و معروف رفتار قیامت تک باقی رہے گی کسی حال میں منقطع نہیں ہوگی، اور رات اور دن کو مسخر کیا، رات آرام کے لیے اور دن روزی حاصل کرنے کی راہ میں تگ و دو کے لیے بنایا۔ سورۃ القصص آیت (73) میں فرمایا : کہ اس نے اپنی رحمت سے رات اور دن بنایا تاکہ تم اس میں آرام کرو اور اللہ کا فضل (روزی) تلاش کرو،