بَلَىٰ مَنْ أَسْلَمَ وَجْهَهُ لِلَّهِ وَهُوَ مُحْسِنٌ فَلَهُ أَجْرُهُ عِندَ رَبِّهِ وَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ
بات دراصل یہ ہے کہ جو شخص بھی اپنے آپ کو اللہ کا فرمانبردار [١٣٠] بنا دے اور وہ نیکو کار بھی ہو تو اس کا اجر اس کے پروردگار کے ہاں اسے ضرور ملے گا اور ایسے لوگوں کو نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے
164: اللہ تعالیٰ نے یہود و نصاریٰ کے دعوی کی دوبارہ تردید کی اور فرمایا کہ یہ محض تمہارا دعوی ہے کہ صرف تم ہی لوگ جنت میں جاؤ گے، جن میں ہر وہ شخص داخل ہوگا، جو موحد اور اپنے عمل میں مخلص ہوگا، اور متبع سنت ہوگا، اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ یہود و نصاری جنت میں داخل نہیں ہوں گے، اس لیے کہ نہ وہ موحد ہیں، نہ اپنے عمل میں مخلص ہیں اور نہ متبع سنت ہیں۔ فائدہ : حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ عمل کے (عنداللہ) مقبول ہونے کی دو شرطیں ہیں، پہلی شرط یہ ہے کہ وہ خالص اللہ کے لیے ہو، دوسری شرط یہ ہے کہ وہ رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی سنت اور اسلامی شریعت کے مطابق ہو، اگر نیت میں اخلاص ہو لیکن سنت کے مطابق نہ ہو تو وہ عمل مردود ہوگا۔ رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) نے فرمایا ہے کہ جس نے کوئی ایسا عمل کیا جس کا ہم نے حکم نہیں دیا تو وہ رد کردیا جائے گا (مسلم) اس لیے راہبوں، سادھووں اور صوفیوں کا عمل اللہ کے نزدیک قابل قبول نہیں، اس لیے کہ ان کے عمل میں رسول اللہ ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کی اتباع مفقود ہے، اسی طرح اگر عمل بظاہر شریعت کے موافق ہے، لیکن نیت اللہ کی رضا نہیں، تو ایسا عمل بھی مردود ہے جیسا کہ اللہ نے فرمایا: إِنَّ الْمُنافِقِينَ يُخادِعُونَ اللَّهَ وَهُوَ خادِعُهُمْĬ، کہ بے شک منافقین اللہ کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں اور اللہ ان کو دھوکہ دے رہا ہے۔