وَإِذْ يَمْكُرُ بِكَ الَّذِينَ كَفَرُوا لِيُثْبِتُوكَ أَوْ يَقْتُلُوكَ أَوْ يُخْرِجُوكَ ۚ وَيَمْكُرُونَ وَيَمْكُرُ اللَّهُ ۖ وَاللَّهُ خَيْرُ الْمَاكِرِينَ
اور (اے نبی وہ وقت یاد کرو) جب کافر آپ کے متعلق خفیہ تدبیریں سوچ رہے تھے کہ آپ کو قید کردیں، یا مار ڈالیں یا جلا وطن کردیں۔ وہ بھی تدبیریں کر رہے تھے اور اللہ بھی [٣١] تدبیر کر رہا تھا اور اللہ ہی سب سے اچھی تدبیر کرنے والا ہے
(24) آیت (26) میں اللہ تعالیٰ نے عام صحابہ کرام کے ساتھ جو احسان کیا تھا اس کا ذکر تھا تاکہ وہ اللہ کا شکر ادا کریں اب نبی (ﷺ) پر اللہ کا جو خصوصی احسان ہوا اس کا ذکر ہو رہا ہے، کہ کس طرح اللہ نے قریش کی خطر ناک سازش سے ان کو نجات دی تاکہ آپ اس احسان عظیم پر اللہ کا شکر ادا کریں۔ محمد بن اسحاق، امام احمد، حاکم اور بیہقی وغیر ہم نے کفار قریش کی اس سازش سے متعلق جو روایتیں اپنی کتابوں میں نقل کی ہیں ان کا خلاصہ یہ ہے کہ جب انصار مدینہ اسلام لے آئے اور اسلام کی روشنی ہر طرف پھیلنے لگی تو کفار قریش کے دل خوف کے مارے دہل گئے چنانچہ سبھی رؤسائے قریش دارالندوہ میں نبی کریم (ﷺ) کے بارے میں آخری رائے پر متفق ہونے کے لیے جمع ہوئے، ابو البختری بن ہشام نے کہا کہ میری رائے یہ ہے کہ محمد کو تم لوگ ہاتھ پاؤں باند کر ایک گھر میں بند کر دو۔ صرف ایک سوراخ رکھو جس سے اس کو کھانا پانی دیتے رہو یہاں تک کہ اس کی موت آجائے آیت میںسے اسی طرف اشارہ ہے لیکن شیطان ( جس نے ایک نجدی بوڑھے کی شکل اختیار کر رکھی تھی) نے اس رائے کو نہیں سراہا، تو ہشام بن عمر و نے کہا کہ میری رائے یہ ہے کہ تم لوگ محمد کو شہر بدر کردو پھر یہ کچھ نہیں کر پائے گا آیت میں سے اسی طرف اشارہ ہے، نجدی بوڑھے نے اس رائے پر اعتراض کیا تو ابو جہل نے کہا، میری رائے یہ ہے کہ تم لوگ ہر خاندان سے ایک جوان لو، اور وہ سب مل کر ایک ساتھ تلوار سے حملہ کر کے اسے قتل کردیں بنی ہاشم تمام اہل قریش سے جنگ نہیں مو ل لیں گے اور اگر دیت طلب کریں گے تو ہم سب مل کر دیت دے دیں گے اس طرح محمد سے نجات پاجائیں گے آیت میں سے اسی طرف اشارہ ہے بوڑھے نجدی نے اس رائے کی تائید کی چنانچہ سب رسول اللہ (ﷺ) کو قتل کردینے پر متفق ہوگئے جبرائیل (علیہ السلام) نے رسول اللہ (ﷺ) کو اس سازش کی اطلا ع دے دی اور کہا آج کی رات اپنے بستر پر نہ سویئے اور اللہ تعالیٰ نے آپ کی ہجرت کی اجازت دے دی اپ نے علی (رض) کو اپنے بستر پر سونے کا حکم دیا اور کہا کہ میری چادر اوڑھ لینا وہ تمہیں کوئی گز ند نہیں پہنچا سکیں گے، پھر آپ نے ایک مٹھی مٹی لی اور کافروں کے سروں پر ڈالتے ہوئے اور سورۃ یسین پڑھتے ہوئے وہاں سے نکل گئے اور دشمن آپ کو نہ دیکھ سکے اور اللہ تعالیٰ نے ان کی سازش کو ناکام بنا دیا۔