وَوَاعَدْنَا مُوسَىٰ ثَلَاثِينَ لَيْلَةً وَأَتْمَمْنَاهَا بِعَشْرٍ فَتَمَّ مِيقَاتُ رَبِّهِ أَرْبَعِينَ لَيْلَةً ۚ وَقَالَ مُوسَىٰ لِأَخِيهِ هَارُونَ اخْلُفْنِي فِي قَوْمِي وَأَصْلِحْ وَلَا تَتَّبِعْ سَبِيلَ الْمُفْسِدِينَ
اور ہم نے موسیٰ سے تیس راتوں کا وعدہ [١٣٦] کیا پھر اسے دس مزید راتوں سے پورا کیا تو اس کے پروردگار کی مقررہ مدت چالیس راتیں پوری ہوگئی۔ اور (جاتے وقت) موسیٰ نے اپنے بھائی ہارون سے کہا : ’’تم میری قوم میں میرے خلیفہ بنو۔ اصلاح کرتے رہنا [١٣٧] اور فساد کرنے والوں کی راہ پر نہ چلنا‘‘
(73) بنی اسرائیل جب طور سینا کے قریب ایک جگہ آباد ہوگئے تو اللہ تعالیٰ نے ان کے لیے ایک شریعت نازل کرنی چاہی تاکہ وہ اس کے مطابق اپنی زندگی اللہ کی اطاعت وبندگی میں گذارسکیں اسی لیے اللہ تعالیٰ نے موسیٰ (علیہ السلام) کو حکم دیا کہ وہ طور کی چوٹی پر جا کر چالیس دن تک عبادت وبندگی میں گذاریں تاکہ وحی الہی کی عظیم ذمہ داری اٹھانے کے قابل بن سکیں۔ مفسرین نے لکھا ہے کہ چالیس دن کی مدت ذوالقعدہ کے تیس دن اور ذی الحجہ کے دس دن تھے ابن عباس وغیرہ سے مروی ہے کہ اللہ تعالیٰ موسیٰ (علیہ السلام) سے چالیسویں دن یعنی دسویں ذی الحجہ کو ہم کلام ہوا تھا، موسیٰ (علیہ السلام) نے کوہ طور کی جانب روانگی سے قبل بنی اسرائیل کی تعلیم وتربیت کے لیے اپنے بھائی ہارون (علیہ السلام) کو اپنا خلیفہ بنا دیا، اور انہیں ان کے ساتھ ہمدردی اور اصلاح واخلاص کی نصیحت کی، اور اہل فساد ومعاصی کی اتباع کرنے سے منع کیا۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ انہوں نے یہ بات شدت احتیاط کی وجہ سے کہی تھی ورنہ ہارون خود اللہ کے نبی تھے، ان سے فساد برپا کرنے کی توقع کیسے ہو سکتے تھی؟۔