سورة الاعراف - آیت 55

ادْعُوا رَبَّكُمْ تَضَرُّعًا وَخُفْيَةً ۚ إِنَّهُ لَا يُحِبُّ الْمُعْتَدِينَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اپنے پروردگار [٥٨] کو گڑگڑاتے ہوئے اور چپکے چپکے پکارو۔ یقینا وہ حد سے بڑھنے والوں کو پسند نہیں کرتا

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(42) جب اللہ تعالیٰ قادر مطلق، خالق کائنات اور حکیم ہے تو اس کے بندوں کا یہ فرض ہے کہ صرف اسی کی عبادت کریں اور ظاہر وپوشیدہ ہر حال میں صرف اسی کو پکاریں اور اسی کے سامنے ہاتھ پھیلائیں۔ اس آیت کریمہ میں دعا کی دو شرطیں بیان کی گئی ہیں، ایک تو یہ کہ بندہ اپنے رب کے سامنے عاجزی اور انکساری کا اظہار کرے، حافظ سیوطی نے" الا کلیل "میں لکھا ہے کہ دعا کے لیے ہاتھ اٹھانا عجزوانکساری ہے، حافظ بزارنے انس (رض) سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) عرفات کے میدان میں ہاتھ اٹھاکر دعا کرتے رہے، اور دوسری شرط یہ ہے کہ ریاکاری سے بچے بغیر آواز بلند کئے دعا کرے۔ صحیحین میں ابو موسیٰ اشعری (رض) سے مروی ہے کہ لوگ اونچی آواز سے دعا کرنے لگے تو رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا : لوگو ! ذرا آہستگی اور نرمی سے کام لو، تم کسی گونگے بہرے اور غائب کو نہیں پکار رہے ہو۔ جس ذات کو تم پکار رہے ہو وہ بڑی سننے والی اور قریب ہے ۔ حسن بصری کا قول ہے کہ پہلے مسلمان دعا کرنے میں خوب محنت کرتے تھے، اور ان کی آواز نہیں سنائی دیتی تھی، وہ لوگ خفیہ دعا کرتے تھے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے :İ ادْعُوا رَبَّكُمْ تَضَرُّعًا وَخُفْيَةًĬ اور زکریا (علیہ السلام) کے بارے میں فرمایا ہے :İ إِذْ نَادَى رَبَّهُ نِدَاءً خَفِيًّاĬ جب انہوں نے اپنے رب کو چپکے چپکے پکارا، اس لیے اللہ تعالیٰ نے آیت کے آخر میں فرمایا کہ وہ حد سے تجاوز کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا یعنی ان لوگوں کو جو اپنی دعاؤں میں خشوع وخضوع اختیار نہیں کرتے اور اونچی آواز سے دعا کرتے ہیں اللہ تعالی انہیں پسند نہیں کرتا ہے۔