سورة الاعراف - آیت 54

إِنَّ رَبَّكُمُ اللَّهُ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ فِي سِتَّةِ أَيَّامٍ ثُمَّ اسْتَوَىٰ عَلَى الْعَرْشِ يُغْشِي اللَّيْلَ النَّهَارَ يَطْلُبُهُ حَثِيثًا وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ وَالنُّجُومَ مُسَخَّرَاتٍ بِأَمْرِهِ ۗ أَلَا لَهُ الْخَلْقُ وَالْأَمْرُ ۗ تَبَارَكَ اللَّهُ رَبُّ الْعَالَمِينَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

یقینا تمہارا پروردگار وہ اللہ ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ [٥٣] دن میں پیدا کیا پھر اپنے عرش [٥٤] پر قرار پکڑا۔ وہی رات کو دن پر ڈھانک دیتا ہے، پھر دن رات کے پیچھے دوڑا چلا آتا ہے اور سورج، چاند، ستارے [٥٥] سب چیزیں اس (اللہ) کے حکم کے تابع ہیں۔ یاد رکھو! اسی نے پیدا کیا ہے تو حکم بھی اسی کا [٥٦] چلے گا۔ بڑا بابرکت [٥٧] ہے اللہ تعالیٰ جو سارے جہانوں کا پروردگار ہے

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(38) کفارکے کفر وشرک کاجب بیان ہوچکا تو اب اللہ تعالیٰ نے اپنی عظیم مخلوقات کا ذکر کر کے یہ بتا رہا ہے کہ جس ذات واحد نے انہیں پیدا کیا ہے، اس کو سوا کوئی عبا دت کے لا ئق نہیں،، اس آیت کے علاہ قرآن کریم کی دیگر کئی آیتوں میں اللہ تعالیٰ نے یہ بات بتائی ہے کہ آسمانوں اور زمین اور ان کے درمیان کی تمام چیزوں کو اتوار سے جمعہ تک چھ دنوں میں پیدا کیا ہے، کسی نے کہا ہے کہ ہر دن دنیا کے دنوں کے برابر تھا، اور ابن عباس (رض) سے مروی ہے کہ ہر دن ہزار سال کے برابر تھا۔ اور اللہ تعالیٰ تو اس بات پر قادر تھا کہ کلمہ "کن"کے ذریعہ ان تمام چیزوں کو ایک لمحہ میں پیدا کردیتا، لیکن اپنے معاملات میں نرمی اور غور وفکر کی تعلیم دینے کے لیے ایسا کیا، اور بعض نے لکھا ہے کہ اللہ کے نزدیک ہر کام کا ایک وقت مقرر ہے۔ (39)İاسْتَوَى عَلَى الْعَرْشِĬ کا معنی و مفہوم بیان کرنے میں لوگوں کے بہت سے اقوال ہیں جن کی تفصیل کا یہ مقام نہیں ہے، سلف صالحین کا ہر دور میں یہی مسلک رہا ہے کہ اللہ تعالیٰ عرش پر اس طرح مستوی ہے جس طرح اس کے مقام اعلی اور عظمت کے لائق ہے، نہ اس کا انکار کیا جاسکتا ہے، نہ اسے تشبیہ دی جاسکتی ہے، اور نہ ہی اس کی کیفیت ہی بیان کی جاسکتی ہے۔ صحیح احادیث میں اللہ تعالیٰ کے عرش کی صفت یہ بیان کی گئی ہے کہ وہ آسمانوں زمین، اور ان کے درمیان اور اوپر کی ہر چیز کو محیط ہے، امام بخاری کے استاد نعیم حماد کا قول ہے کہ جس نے اللہ کو مخلوق کے ساتھ تشبیہ دیا وہ کافر ہوگیا، اور جس نے کسی ایسی صفت کا انکار کیا جو اللہ نے اپنے لیے بیان کیا ہے وہ کافر ہوگیا، اور اللہ نے اپنے لیے جو صفت بیان کی ہے یا اس کے رسول نے بیان کیا ہے اس میں مخلوقات کے ساتھ مشابہت نہیں ہے اس لیے جس نے اللہ کے لیے ان صفات کو جن کا ذکر قرآنی آیات اور صحیح احادیث میں آیا ہے اسی طرح ثابت کیا جس طرح اس کی ذات کے لائق ہے اور اس کی ذات کو تمام نقائص وعیوب سے پاک سمجھا وہ راہ راست پر باقی رہا۔ (40) یعنی رات کی تاریکی دن کی روشنی کے ذریعہ اور دن کی روشنی رات کی تاریکی کے ذریعے غائب ہوجاتے ہیں، ہر ایک دوسرے کے پیچھے لگا ہوتا ہے کسی حال میں بھی دونوں کی رفتار میں تاخیر نہیں ہوتی۔ (41) اللہ تعالیٰ نے سورج چاند اور ستاروں کو اس طرح پیدا کیا ہے کہ ان سے ہر ایک اللہ کی مرضی اور اس کے ارادہ کا پابند ہے، ایک بال کے برابر بھی اپنی مقررہ حرکات وسکنات سے روگردانی نہیں کرسکتا ہے، اسی لیے اس کے بعد اللہ نے فرمایا کہ بے شک اسی نے تمام چیزوں کو پیدا کیا ہے، وہی سب کا مالک ہے، اور ہر چیز پر اسی کا حکم نافذ العمل ہے۔