وَصَاحِبَتِهِ وَبَنِيهِ
اور اپنی بیوی اور اپنے بیٹوں سے [٢٠] (بھی بھاگے گا)
[٢٠] انسان کا اپنے عزیز واقارب سے بھاگنا :۔ اس دن انسان کے اپنے عزیزو اقارب سے بھاگنے کی دو وجوہ ہوسکتی ہیں۔ ایک یہ کہ ہر انسان سخت مصیبت میں مبتلا ہوگا وہ چاہے گا کہ اپنی امداد کے لیے اپنے عزیز و اقارب کو پکارے لیکن وہ بھی اپنی اپنی مصیبت میں گرفتار ہوں گے۔ انہیں یہ خطرہ ہوگا کہ ہم تو خود مصیبت میں پڑے ہیں کہیں یہ بھی ہمیں مدد کے لیے بلا نہ لے اس لیے ہر ایک دوسرے سے دور بھاگنے کی کوشش کرے گا اور دوسری وجہ بالخصوص مجرموں سے تعلق رکھتی ہے۔ وہ اپنے عزیز و اقارب سے اس لیے دور بھاگیں گے کہ دنیا میں تو وہ گناہ کے کاموں میں ایک دوسرے کے مددگار بنے ہوئے تھے۔ آج ایک مجرم دوسرے کو یہ الزام نہ دینے لگے کہ میری گمراہی کا سبب تو تم ہی بنے تھے۔ اس لیے ہر قریبی اپنے دوسرے قریبی سے دور دور ہی رہنے کی کوشش کرے گا۔