سورة الواقعة - آیت 19
لَّا يُصَدَّعُونَ عَنْهَا وَلَا يُنزِفُونَ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
اس شراب سے نہ تو انہیں سردرد ہوگا اور نہ عقل [١٠] میں فتور آئے گا
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[١٠] شراب کے نقصانات اور فائدے :۔ دنیا کی شراب میں خرابیاں یہ ہوتی ہے کہ اس کا مزہ تلخ محسوس ہوتا ہے۔ بو ناگوار ہوتی ہے، پینے سے سر چکرانے لگتا ہے اور بعض دفعہ سر درد بھی شروع ہوجاتا ہے۔ عقل میں فتور آجاتا ہے اور شراب پینے والا اول فول بکنے لگتا ہے اور بعض دفعہ ناشائستہ حرکات اور گناہ کے کام بھی کر بیٹھتا ہے اور ان سب قباحتوں کے عوض اسے فائدہ یہ حاصل ہوتا ہے کہ کچھ وقت کے لیے اسے سرور حاصل ہوتا ہے اور غم غلط ہوجاتا ہے۔ جنت کی شراب میں یہ فائدہ تو بدرجہ اتم موجود ہوگا لیکن قباحت کی سب باتوں سے یکسر پاک ہوگی۔