سورة الصافات - آیت 77
وَجَعَلْنَا ذُرِّيَّتَهُ هُمُ الْبَاقِينَ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
اور صرف انہی [٤٥] کی اولاد کو باقی رکھا
تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
[٤٥] کیا نوح آدم ثانی ہیں؟ یہاں صرف اتنا ہی مذکور ہے کہ طوفان نوح کے بعد نسل انسانی صرف نوح کے تین بیٹوں (حام۔ سام اور یا فث) سے چلی (اور چوتھا بیٹا یام کافر تھا جو طوفان میں غرق ہوگیا تھا) اور اس کی تائید ترمذی کی درج ذیل حدیث سے بھی ہوتی ہے۔ سیدنا سمرہ سے روایت ہے کہ آپ نے اس آیت کی تفسیر میں فرمایا کہ نوح علیہ السلام کے تین بیٹے تھے۔ حام، سام یافث، حام حبش کا باپ، سام عرب کا اور یافث روم کا (ترمذی۔ ابو اب التفسیر) مگر بعض دوسری آیات سے معلوم ہوتا ہے کہ طوفان نوح کے بعد نسل سیدنا نوح کی اولاد اور ان لوگوں کی اولاد سے چلی تھی جو کشتی میں آپ کے ساتھ سوار تھے۔ (سورہ بنی اسرائیل آیت نمبر ٣) اس سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ پہلی آیت میں اجمال اور دوسری میں تفصیل ہے۔