سورة الكهف - آیت 60

وَإِذْ قَالَ مُوسَىٰ لِفَتَاهُ لَا أَبْرَحُ حَتَّىٰ أَبْلُغَ مَجْمَعَ الْبَحْرَيْنِ أَوْ أَمْضِيَ حُقُبًا

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

اور (وہ قصہ بھی یاد کرو) جب موسیٰ نے [٥٨] اپنے خادم سے کہا'': میں تو چلتا ہی جاؤں گا تاآنکہ دو دریاؤں کے سنگھم [٥٩] پر نہ پہنچ جاؤں یا پھر میں مدتوں چلتا ہی رہوں گا۔

تفسیر تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمٰن کیلانی

[٥٨] سیدنا موسیٰ کا اپنے آپ کو سب سے بڑا عالم قرار دینا :۔ یہاں سے اب قصہ موسیٰ علیہ السلام و خضر کا آغاز ہو رہا ہے جو قریش مکہ کا دوسرا سوال تھا۔ اس کی تشریح کے لیے بخاری شریف کی درجہ ذیل دو احادیث ملاحظہ فرمائیے۔ ١۔ اللہ کی طرف سے اس کے بندہ (خضر) سے کسب فیض کا حکم :۔ سیدنا سعید بن جبیررضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو کہا کہ نوف بکالی (کعب احبار کا بیٹا) کہتا ہے کہ جو موسیٰ علیہ السلام خضر سے ملنے گئے تھے وہ بنی اسرائیل کے موسیٰ علیہ السلام نہ تھے۔ (بلکہ وہ موسیٰ بن افراثیم بن یوسف تھے) تو ابن عباس رضی اللہ عنہما کہنے لگے : وہ اللہ کا دشمن جھوٹ بکتا ہے میں نے خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا : آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ایک دفعہ موسیٰ علیہ السلام نے کھڑے ہو کر خطبہ سنایا (سامعین میں سے) کسی نے پوچھا ’’اس وقت لوگوں میں سب سے زیادہ عالم کون ہے؟‘‘ موسیٰ علیہ السلام نے کہا 'میں' اللہ تعالیٰ نے ان پر عتاب فرمایا کیونکہ انھیں یہ بات اللہ کے حوالہ کرنا چاہیے تھی چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ان پر وحی کی کہ دو دریاؤں کے سنگھم پر میرا ایک بندہ (خضر) ہے جو تم سے زیادہ عالم ہے۔ موسیٰ علیہ السلام نے عرض کی 'میں اسے کیسے مل سکتا ہوں؟' فرمایا : 'اپنے ساتھ ایک مچھلی اپنی زنبیل میں رکھ لو جہاں وہ مچھلی گم ہوجائے وہیں وہ بندہ ملے گا' چنانچہ موسیٰ علیہ السلام نے ایک مچھلی اپنی زنبیل میں رکھ لی اور وہ خود اور ان کا خادم یوشع بن نون سفر پر روانہ ہوئے تاآنکہ وہ (راستہ میں) ایک چٹان پر پہنچے، وہاں وہ اس چٹان پر اپنا سر رکھ کر سو گئے اس وقت وہ مچھلی زنبیل میں سے تڑپ کر نکلی اور دریا میں جاگری اور سرنگ کی طرح کا بنا ہوا رستہ چھوڑ گئی اور اللہ تعالیٰ نے اس رستہ سے پانی کی روانی کو روک دیا اور وہ راستہ ایک طاق کی طرح دریا میں بنا رہ گیا۔ جب موسیٰ علیہ السلام بیدار ہوئے تو ان کا خادم (جو یہ منظر دیکھ رہا تھا) انھیں اس واقعہ کی اطلاع دینا بھول گیا اور وہ پھر سفر پر چل کھڑے ہوئے وہ دن کا باقی حصہ اور رات بھی چلتے رہے۔ قصہ موسیٰ علیہ السلام وخضر علیہ السلام سے ملاقات اور ہمراہی شرط :۔ دوسرے دن صبح موسیٰ علیہ السلام نے اپنے خادم سے کہا 'کھانا لاؤ ہم تو اس سفر سے بہت تھک گئے' رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : 'موسیٰ علیہ السلام کو تھکن اس وقت سے شروع ہوئی جب وہ اس مقام سے آگے بڑھ گئے جہاں تک جانے کا اللہ نے انھیں حکم دیا تھا' یوشع نے موسیٰ علیہ السلام کو جواب دیا : 'دیکھئے کل جب ہم نے چٹان کے پاس دم لیا تھا تو اس وقت مچھلی عجیب طرح کا راستہ بناتی ہوئی دریا میں چلی گئی تھی اور شیطان نے مجھے ایسا بھلایا کہ اس واقعہ کو آپ سے ذکر کرنا مجھے یاد ہی نہ رہا' رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : 'مچھلی نے جو یہ سرنگ جیسا راستہ بنایا تھا وہ ان دونوں کے لیے بڑا باعث تعجب تھا'۔ موسیٰ علیہ السلام نے اپنے خادم سے کہا': کہ وہی جگہ تو ہماری منزل مقصود تھی' چنانچہ وہ دونوں اپنے نقوش پا کو دیکھتے دیکھتے واپس اسی چٹان تک آگئے۔ وہاں انہوں نے ایک شخص کو کپڑا اوڑھے دیکھا تو موسیٰ علیہ السلام نے اسے سلام کہا تو سیدنا خضر نے کہا 'تمہارے ملک میں سلام کہاں سے آیا ؟' موسیٰ علیہ السلام نے کہا 'میں موسیٰ ہوں' سیدنا خضر نے کہا 'بنی اسرائیل کے موسیٰ؟' موسیٰ علیہ السلام نے جواب دیا 'ہاں، میں تمہارے پاس اس لیے آیا ہوں کہ اللہ نے آپ کو بھلائی کی باتیں سکھائی ہیں ان میں سے کچھ مجھے بھی سکھادیں'سیدنا خضر نے جواب دیا۔ 'موسیٰ دیکھو! اللہ تعالیٰ نے اپنے علوم میں سے ایک علم مجھے سکھایا ہے جسے آپ نہیں جانتے اور ایک علم آپ کو سکھایا ہے جسے میں نہیں جانتا لہٰذا تم میرے ساتھ رہ کر صبر نہ کرسکو گے' موسیٰ علیہ السلام نے جواب دیا 'میں ان شاء اللہ صبر کروں گا اور کسی معاملہ میں آپ سے اختلاف نہ کروں گا'سیدنا خضر نے کہا 'اگر میرے ساتھ چلنا ہے تو پھر مجھ سے کوئی بات نہ پوچھنا تاآنکہ میں خود ہی اس کی حقیقت آپ سے بیان نہ کردوں' سیدنا خضر کا کشی کا تختہ اکھیڑنا اور سیدنا موسیٰ کا اعتراض :۔ (یہ معاہدہ طے پانے کے بعد) وہ دریا کے کنارے کنارے چل کھڑے ہوئے کہ ان کا گزر ایک کشتی پر ہوا انہوں نے کشتی والوں سے کہا کہ ہمیں بھی سوار کرلو کشتی والوں نے سیدنا خضر کو پہچان کر بغیر کرایہ ہی سوار کرلیا ابھی کشتی میں سوار ہوئے ہی تھے کہ سیدنا خضر نے اپنا بسولا لے کر اس کشتی کا ایک پھٹہ توڑ دیا اور اسے عیب دار بنادیا۔ موسیٰ علیہ السلام کہنے لگے کہ 'ان لوگوں نے تو ہمیں بغیر کرایہ لیے کشتی پر بٹھا لیا اور آپ نے ان کی کشتی کو توڑ دیا کہ سب کشتی والوں کو ڈبو دو، یہ تم نے کیا عجیب حرکت کی؟' سیدنا خضر نے جواب دیا ’’میں نے آپ کو کہا نہ تھا کہ آپ میرے ساتھ صبر نہ کرسکیں گے‘‘ موسیٰ علیہ السلام نے کہا : 'مجھ سے بھول ہوگئی آپ درگزر کیجئے اور میرا کام مجھ پر دشوار نہ بنائیے“ موسی علیہ السلام وخضر دونوں کے علم کے مقابلہ میں اللہ کے علم کی وسعت :۔ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ یہ بلاشبہ پہلا اعتراض موسیٰ علیہ السلام نے بھول کر کیا تھا۔ نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اتنے میں ایک چڑیا آئی جس نے کشتی کے کنارے پر بیٹھ کر دریا میں سے اپنی چونچ میں پانی لیا جسے دیکھ کر سیدنا خضر نے موسیٰ علیہ السلام سے کہا : 'اللہ کے علم کے مقابلہ میں میرا علم اور آپ کا علم دونوں مل کر اتنے ہی ہیں جیسے اس چڑیا نے اس دریا میں سے چونچ سے پانی لیا ہے' خضر کا ایک نوجوان کو مارنا ڈالنا اور موسیٰ علیہ السلام کا دوسرا اعتراض :۔ پھر وہ دونوں کشتی سے نکل آئے اور ساحل پر چلتے گئے راستہ میں سیدنا خضر نے ایک لڑکے کو دیکھا جو دوسرے لڑکوں کے ساتھ مل کر کھیل رہا تھا۔ سیدنا خضر نے اس لڑکے کے سر کو اپنے ہاتھ سے پکڑ کر مروڑا جو دیا تو اسے مار ہی ڈالا۔ موسیٰ علیہ السلام کہنے لگے، 'ارے بھائی آپ نے ایک پاکیزہ جان کو ناحق ہی مار ڈالا یہ تو آپ نے بہت برا کیا' سیدنا خضر کہنے لگے 'میں نے آپ کو کہا نہ تھا کہ آپ میرے ساتھ صبر نہ کرسکیں گے؟' آپ نے فرمایا 'اور یہ کام تو پہلے کام سے بھی سخت تر تھا۔' موسیٰ علیہ السلام کہنے لگے اگر آئندہ بھی میں نے آپ پر کوئی اعتراض کیا تو بے شک مجھے اپنے ساتھ نہ رکھنا کیونکہ آپ کی طرف سے مجھ پر اتمام حجت ہوجائے گا۔ خضر کا دیوار مرمت کردینا اور موسیٰ علیہ السلام کا تیسرا اعتراض :۔ پھر وہ دونوں چل کھڑے ہوئے تاآنکہ وہ ایک بستی میں پہنچے اور بستی والوں سے کھانا طلب کیا لیکن انہوں نے انھیں کچھ بھی کھانے کو نہ دیا۔ اتفاق سے انہوں نے وہاں ایک دیوار دیکھی جو گرا ہی چاہتی تھی۔ سدنا خضر نے اس دیوار کو قائم کردیا۔ موسیٰ علیہ السلام نے کہا : 'ان لوگوں نے نہ تو ہمیں کھانا دیا اور نہ ضیافت کی اگر آپ چاہتے تو ان سے آپ دیوار قائم کرنے کی مزدوری بھی لے سکتے تھے (جس سے ہم کھانا کھا سکتے)'سیدنا خضر کہنے لگے 'بس اب جدائی کی گھڑی آن پہنچی اب میں آپ کو ان واقعات کی حقیقت بتاتاہوں جن پر آپ صبر نہ کرسکے' رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ 'ہم تو چاہتے تھے کہ موسیٰ علیہ السلام صبر کیے جاتے تو اللہ تعالیٰ ان دونوں کے اور زیادہ حالات ہم سے بیان کرتا' (بخاری۔ کتاب التفسیرسورہ الکھف) مذکورہ تین واقعات کی تاویل :۔ اس سے اگلی حدیث میں ان واقعات کی تاویل کا یوں ذکر ہے کہ سیدنا خضر نے موسیٰ علیہ السلام سے کہا : کشتی کو عیب دار کرنے سے میری غرض یہ تھی کہ جب یہ کشتی اس ظالم بادشاہ کے سامنے جائے تو وہ اسے عیب دار سمجھ کر چھوڑ دے اور کشتی والے پھر سے اسے درست کرلیں اور اس سے فائدہ اٹھائیں۔ دوسرے واقعہ کی تاویل یہ ہے کہ اس لڑکے کے ماں باپ ایمان دار تھے اور لڑکے کی قسمت میں کفر لکھا تھا تو ہم ڈرے کہ کہیں یہ اپنے ماں باپ کو کفر اور سرکشی میں نہ پھنسا دے یعنی لڑکے کی محبت میں والدین بھی کفر میں مبتلا نہ ہوجائیں تو ہم نے چاہا کہ اللہ تعالیٰ ان کو اور زیادہ اچھا اور پاکیزہ لڑکا عطا کرے اور اس کے ماں باپ اس سے بھی زیادہ اس لڑکے پر مہربان ہوں۔ (بخاری۔ کتاب التفسیر۔ ترمذی، ابو اب التفسیر) [٥٩] سیدنا موسیٰ کونسے دو دریاؤں کے سنگم پر پہنچے؟:۔ یہ واقعہ سیدنا موسیٰ علیہ السلام کی زندگی کے کس دور میں پیش آیا اور وہ دو دریا کون سے تھے؟ ان سوالات کے جوابات سے کتاب و سنت خاموش ہیں۔ سیدنا موسیٰ علیہ السلام کے بنی اسرائیل کو مصر سے نکال کرلے جانے کے بعد اس قصہ اور اس طرح کے سفر کا امکان کم ہی نظر آتا ہے۔ لہٰذا اغلب خیال یہ ہے کہ یہ واقعہ مصر ہی میں پیش آیا ہوگا اور مصر میں دریاؤں کا سنگھم ایک ہی ہے اور وہ ہے موجودہ شہر خرطوم جہاں دریائے نیل کی دو شاخیں بحرابیض اور بحر ازرق آپس میں ملتی ہیں چونکہ یہ سنگھم کا علاقہ بھی کوئی مخصوص مقام نہ تھا بلکہ میلوں میں پھیلا ہوا تھا۔ لہٰذا سیدنا موسیٰ علیہ السلام کو بذریعہ وحی یہ ہدایت دی گئی تھی کہ ایک مچھلی تل کر اپنے توشہ دان میں رکھ لیں جس مقام پر جاکر یہ مچھلی زندہ ہو کر دریا کے پانی میں چھلانگ لگا دے بس وہی مقام ہے جہاں تمہاری ہمارے بندے سیدنا خضر سے ملاقات ہوگی۔