سورة الانعام - آیت 156

أَن تَقُولُوا إِنَّمَا أُنزِلَ الْكِتَابُ عَلَىٰ طَائِفَتَيْنِ مِن قَبْلِنَا وَإِن كُنَّا عَن دِرَاسَتِهِمْ لَغَافِلِينَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

نیز اس لیے (یہ کتاب نازل کی ہے) کہ تم یہ نہ کہہ سکو کہ کتاب تو ہم سے پہلے کے دو گروہوں (یہود و نصاریٰ) پر ہی اتاری گئی تھی اور ہم تو ان کے پڑھنے پڑھانے سے [١٧٩] بے خبر رہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قرآن اتمام حجت: یہ خطاب کفار مکہ سے ہے کہ یہ کتاب دو وجوہات کی بناء پر نازل کی گئی ہے۔ (۱) ایک تو اتمام حجت کے لیے تاکہ تم یہ نہ کہہ سکو کہ یہود و نصاریٰ پر جو کتابیں اتاری گئی وہ انہی کے لیے تھیں۔ (۲) وہ کتابیں تو عجمی زبان میں تھیں۔ عربی زبان میں نہیں تھیں لہٰذا ہم ان کو کیسے پڑھ سکتے ہیں۔ ایک تیسری وجہ یہ بھی ہوسکتی تھی کہ جذبہ مسابقت یعنی اگر ہم پر کتاب نازل ہوتی تو ہم تم سے بڑھ کر اس پر عمل کرنے والے ہوتے۔ سو اب جو کتاب تمہاری طرف نازل کی جارہی ہے وہ کئی لحاظ سے تورات سے بہتر ہے اب اپنی مسابقت کا شوق پورا کرسکتے ہو۔ابن مالک اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا : ’’قرآن قیامت کے دن پڑھنے والے کے لیے حجت ہوگا یعنی حق میں ہوگا اور نہ پڑھنے والے کے خلاف گواہی دے گا۔‘‘ (مسلم: ۲۲۳)