سورة البقرة - آیت 60

وَإِذِ اسْتَسْقَىٰ مُوسَىٰ لِقَوْمِهِ فَقُلْنَا اضْرِب بِّعَصَاكَ الْحَجَرَ ۖ فَانفَجَرَتْ مِنْهُ اثْنَتَا عَشْرَةَ عَيْنًا ۖ قَدْ عَلِمَ كُلُّ أُنَاسٍ مَّشْرَبَهُمْ ۖ كُلُوا وَاشْرَبُوا مِن رِّزْقِ اللَّهِ وَلَا تَعْثَوْا فِي الْأَرْضِ مُفْسِدِينَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور (وہ واقعہ بھی یاد کرو) جب موسیٰ نے اپنی قوم کے لیے پانی کی دعا کی تو ہم نے انہیں کہا کہ : ’’فلاں چٹان پر اپنا عصا مارو۔‘‘ [٧٦] چنانچہ اس چٹان سے بارہ چشمے پھوٹ پڑے اور (قوم موسیٰ کے بارہ قبیلوں میں سے) ہر قبیلہ نے اپنا اپنا گھاٹ جان لیا۔ (ساتھ ہی ہم نے انہیں یہ کہہ دیا تھا کہ) ’’ اللہ کے عطا کردہ رزق سے کھاؤ، پیو، مگر (ایک دوسرے کی چیزیں غصب کرکے) [٧٧] زمین میں فساد نہ مچاتے پھرنا‘‘

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یہ واقعہ بھی اسی وادی سینا میں پیش آیا۔ اس وادی میں نہ تو کوئی سایہ تھا اور نہ ہی کہیں پانی تھا قوم موسیٰ نے آپ سے پانی کی شکایت کی اور کہا کہ اپنے رب سے دعا کرو کہ وہ ہمیں پانی عطا کرے، چنانچہ حضرت موسیٰ نے اپنے رب سے دعا کی۔ اللہ تعالیٰ نے دعا قبول کی اور حضرت موسیٰ سے فرمایا کہ اپنا عصا فلاں چٹان پر مارو۔ چنانچہ حضرت موسیٰ نے ایساہی کیا تو وہاں سےبارہ چشمے پھوٹ پڑے كیونكہ قوم موسیٰ کے بارہ قبیلے تھے اور ہر ایک کو الگ الگ مقام پانی پینے کے لیے مل گیا یہ چٹان اب بھی جزیرہ نمائے سینا میں موجود ہے اور سیاح جاکر اسے دیکھتے ہیں اور چشموں کے شگافوں کے نشان بھی اس میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ فساد فی الارض: اس میں چوری، ڈاکہ، قتل و غارت اور ایک دوسرے کے حقوق غضب کرنا كہ یہ فساد فی الارض كا ایك پہلو ہے۔ مدینہ کے مسلمانوں نے جب منافقوں سے کہا تھا کہ زمین میں فساد نہ کرو تو انھوں نے کہا کہ ہم مفسد نہیں بلکہ ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں اسی طرح جب حضرت موسیٰ نے فرعون کو دعوت توحید دی تو اسکے درباریوں نے کہا ’’کیا تو موسیٰ اور اس کی قوم کو ایسے ہی چھوڑدے گا کہ وہ زمین میں فساد مچاتے پھریں اور تیرے معبودوں کو چھوڑ دیں‘‘۔ تو فرعون نے اس قسم كے فساد فی الارض كی اصطلاح كا طریقہ سوچ كر كہا ’’كہ ہم لوگ ان كے بیٹوں كو قتل كریں گے اور بیٹیوں كوزندہ ركھیں گے۔‘‘ ان مثالوں سے قرآن کریم میں مذكور فساد فی الارض کا مفہوم بھی بخوبی سمجھ آجاتا ہے۔