سورة العاديات - آیت 1
وَالْعَادِيَاتِ ضَبْحًا
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
قسم ان گھوڑوں [١] کی جو دوڑتے وقت ہانپتے ہیں
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
اللہ تعالیٰ قسم كھاتا ہے مجاہدین كے گھوڑوں كی جب كہ وہ خدا كی راہ میں جہاد كے لیے ہانپتے اور ہنہناتے ہوئے دوڑتے ہیں۔ پھر تیزی سے دوڑتے ہوئے پتھروں كے ساتھ ان كی نعل كا ٹكرانا اور اس رگڑ سے آگ كی چنگاریاں اڑانا پھر صبح كے وقت دشمن پر ان كا چھاپہ مارنا اور دشمنان خدا كو تہہ وبالا كرنا، یعنی یہ كفار كے لشكر پر جا پڑتے ہیں۔ چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم كی عادت مباركہ تھی كہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم كسی منزل پر پہنچ جاتے تو صبح كا انتظار كرتے رہتے، اگر بستی سے اذان كی آواز آجاتی تو پھر حملہ نہیں كرتے تھے اور اگر نہ آتی تو حملہ كر دیتے۔(مسلم: ۳۸۲)