سورة النسآء - آیت 122

وَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ سَنُدْخِلُهُمْ جَنَّاتٍ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ خَالِدِينَ فِيهَا أَبَدًا ۖ وَعْدَ اللَّهِ حَقًّا ۚ وَمَنْ أَصْدَقُ مِنَ اللَّهِ قِيلًا

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور جو لوگ ایمان لائے اور اچھے عمل کئے تو انہیں ہم ایسے باغات میں داخل کریں گے جن کے نیچے نہریں جاری ہیں، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے، اللہ کا وعدہ سچا ہے اور قول میں اللہ سے بڑھ [١٦٢] کر اور کون سچا ہوسکتا ہے؟

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کیے جنت میں داخل ہونگے اور اس میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ اللہ کا وعدہ سچا ہے اور اللہ سے زیادہ کون اپنے وعدے میں سچا ہوسکتا ہے۔ جنت میں لازوال نعمتیں ملیں گی۔ انسان دنیا میں زندگی اور شان چاہتا ہے۔ اور شیطان اُسے دنیاوی زندگی کا جھانسہ، جھوٹی بات، جھوٹے وعدے دیتا ہے۔ آخری سانس تک زندہ رہنے کی اُمید دلاتا ہے مگر اب دیر ہوچکی ہے۔ انسان مرنے کے قریب حقیقت کو سمجھ کر حسرت سے دیکھتا ہی رہ جاتا ہے۔ کل کی حسرت سے بچنے کے لیے آج ہی اس حقیقت کو پالینا چاہیے ۔ قرآن کریم کو سمجھناچاہیے عمل کرنا چاہیے تو زندگی بدل جائے گی، خود بھی شیطان سے بچنا ہے اور دوسروں کو بھی بچانے کی کوشش کرنی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو اپنے مسلمان بھائی کی مدد میں لگ جاتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی مدد میں لگ جاتا ہے۔‘‘ (ابن ماجہ: ۲۲۵، ترمذی: ۲۹۴۵)