سورة القلم - آیت 43
خَاشِعَةً أَبْصَارُهُمْ تَرْهَقُهُمْ ذِلَّةٌ ۖ وَقَدْ كَانُوا يُدْعَوْنَ إِلَى السُّجُودِ وَهُمْ سَالِمُونَ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
ان کی نگاہیں جھکی ہوں گی اور ان پر ذلت چھا رہی ہوگی۔ وہ (دنیا میں) سجدہ کی طرف بلائے جاتے تھے اور اس وقت تو وہ صحیح سالم تھے
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
نگاہیں جھكی ہوں گی: یعنی آج كے دن ان لوگوں كی آنكھیں اوپر نہ اٹھیں گی اور ذلیل و پست ہو جائیں گی كیونكہ دنیا میں بڑے سركش اور کِبر والے تھے۔ صحت و سلامتی كی حالت میں دنیا میں جب انھیں سجدے كے لیے بلایا جاتا تھا تو رك جاتے تھے، جس كی سزا انھیں آج یہ ملی كہ سجدہ كرنا چاہتے ہیں لیكن نہیں كر سكتے۔ اللہ تعالیٰ كی تجلی دیكھ كر مومن سب سجدے میں گر پڑیں گے، لیكن كافر ومنافق سجدہ نہ كر سكیں گے۔