مَا لَكُمْ كَيْفَ تَحْكُمُونَ
تمہیں کیا ہوگیا ہے یہ تم کیسا حکم لگاتے ہو
غلط فہمی كی تین طرح سے تردید: آیت نمبر ۳۷ تا ۴۱ میں تین مختلف صورتیں بیان كی گئی ہیں، جو ان كے باطل نظریہ كی تردید میں نقلی دلائل كی حیثیت ركھتی ہیں۔ ۱۔ كیا كسی الہامی كتاب میں یہ بات لكھی ہے جس كا تم دعویٰ كر رہے ہو كہ وہاں بھی تمہارے لیے وہ كچھ ہوگا جسے تم پسند كرتے ہو۔ ۲۔ یا ہم نے تم سے پكا عہد كر ركھا ہے، جو قیامت تك باقی رہنے والا ہے كہ تمہارے لیے وہی كچھ ہوگا جس كا تم اپنی بابت فیصلہ كرو گے۔ ۳۔ یا جن كو انھوں نے شریك ٹھہرا ركھا ہے، وہ ان كی مدد كر كے ان كو اچھا مقام دلوا دیں گے۔ اگر ان كے شریك ایسے ہیں تو ان كو سامنے لائیں تاكہ ان كی صداقت واضح ہو۔ پھر جب ان میں سے كوئی بات بھی نہیں تو پھر آخر یہ كس برتے پر آس لگائے بیٹھے ہیں كہ انھیں اخروی زندگی میں آسودگی اور خوشحالی میسر ہوگی۔