سورة الطور - آیت 35

أَمْ خُلِقُوا مِنْ غَيْرِ شَيْءٍ أَمْ هُمُ الْخَالِقُونَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

یا کیا وہ بغیر کسی چیز کے خود ہی [٢٨] پیدا ہوگئے ہیں یا یہ خود (اپنے) خالق [٢٩] ہیں۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

 توحید، ربوبیت اور الوہیت: توحید، ربوبیت اور الوہیت کا ثبوت دیا جا رہا ہے۔ کیا یہ بغیر موجد کے موجود ہو گئے یا اپنے موجد آپ ہی ہیں؟ دراصل دونوں باتیں نہیں بلکہ ان کا خالق اللہ تعالیٰ ہے۔ یہ کچھ نہ تھے اللہ تعالیٰ نے انھیں پیدا کر دیا۔ جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ بدری قیدیوں میں آئے تھے یہ اس وقت کا واقعہ ہے جب یہ کافر تھے قرآن پاک کی ان آیتوں کا سننا ان کے لیے اسلام کا ذریعہ بن گیا۔ جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم مغرب کی نماز میں سورہ الطور کی تلاوت کر رہے تھے۔ میں کان لگائے سن رہا تھا۔ جب آپ المصیطرون تک پہنچے تو میری حالت یہ ہو گئی کہ گویا میرا دل اُڑا جا رہا ہے۔ (بخاری: ۴۸۵۴)