سورة ق - آیت 36

وَكَمْ أَهْلَكْنَا قَبْلَهُم مِّن قَرْنٍ هُمْ أَشَدُّ مِنْهُم بَطْشًا فَنَقَّبُوا فِي الْبِلَادِ هَلْ مِن مَّحِيصٍ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

اور ہم ان سے پہلے کتنی ہی قومیں ہلاک کرچکے ہیں جو ان سے زیادہ طاقتور تھیں۔ (جب عذاب آیا تو) انہوں نے ملک کا کونا کونا [٤٢] چھان مارا کہ انہیں کہیں پناہ کی جگہ مل سکے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یہ کفار ہیں کیا چیز؟ ان سے بہت زیادہ طاقت ور اور بے شمار اسباب و تعداد والے لوگوں کو اسی جرم میں ہم تباہ و برباد کر چکے ہیں۔ جنہوں نے شہروں میں اپنی یادگاریں چھوڑی ہیں۔ زمین میں خوب فساد کیا کرتے تھے انھوں نے اپنے ملک پر ہی اکتفا نہیں کیا تھا بلکہ ارد گرد کے کئی ملکوں کو بھی تاخت و تاراج کیا تھا، پھر جب ہمارا عذاب آیا تو انھیں کہیں بھی پناہ کی جگہ نہ مل سکی۔