سورة آل عمران - آیت 176

وَلَا يَحْزُنكَ الَّذِينَ يُسَارِعُونَ فِي الْكُفْرِ ۚ إِنَّهُمْ لَن يَضُرُّوا اللَّهَ شَيْئًا ۗ يُرِيدُ اللَّهُ أَلَّا يَجْعَلَ لَهُمْ حَظًّا فِي الْآخِرَةِ ۖ وَلَهُمْ عَذَابٌ عَظِيمٌ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

(اے نبی)! جو لوگ کفر میں دوڑ دھوپ [١٧٤] کر رہے ہیں یہ تمہیں غمزدہ نہ بنا دیں، یہ اللہ (کے دین) کا کچھ بھی نہ بگاڑ سکیں گے۔ اللہ تو صرف یہ چاہتا ہے کہ ایسے لوگوں کا آخرت میں کچھ حصہ نہ رہے اور ان کے لیے بہت بڑا عذاب ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس دور میں مسلمانوں کے علاوہ جتنی بھی اقوام تھیں جیسے مشرکین، منافقین، یہود مدینہ اور دیگر قبائل عرب وغیرہ سب اس کوشش میں تھے کہ کسی طرح اسلام کو کچل کر رکھدیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے پیغمبر کو تسلی دیتے ہوئے فرماتے ہیں یہ تمہارا اور اسلام کا کچھ بھی بگاڑنے کی قدرت نہیں رکھتے۔ یہ اپنی عاقبت ہی خراب کررہے ہیں ۔ آپ ان کے بارے میں فکرمند نہ ہوں۔ آپ کی شدید خواہش تھی کہ سب لوگ مسلمان ہوجائیں اللہ تعالیٰ نے قرآن میں متعدد مقاما ت پر فرمایا ہے کہ تمہارا کام صرف میرا پیغام پہنچا دینا، اور لوگوں کو ڈرانا ہے۔ اب اگر یہ لوگ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتے تو اس کا وبال انھیں پر ہوگا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر میرا پیغام پہنچا دینے کے سوا اور کوئی ذمہ داری نہیں۔