إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ الَّذِينَ آمَنُوا بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ ثُمَّ لَمْ يَرْتَابُوا وَجَاهَدُوا بِأَمْوَالِهِمْ وَأَنفُسِهِمْ فِي سَبِيلِ اللَّهِ ۚ أُولَٰئِكَ هُمُ الصَّادِقُونَ
(حقیقی) مومن تو وہ لوگ ہیں جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لائے پھر شک میں نہیں پڑے [٢٥] اور اپنے مالوں اور جانوں سے اللہ کی راہ میں جہاد کیا۔ یہی سچے (مسلمان) ہیں۔
کامل ایمان والے: یعنی کامل ایمان والے صرف وہ لوگ ہیں جو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر دل سے یقین رکھتے ہیں پھر نہ شک کرتے ہیں نہ ان کے دل میں کوئی نکما خیال پیدا ہوتا ہے۔ بلکہ خالص تصدیق اور کامل یقین پر جم جاتے ہیں اور اپنے نفس اور دل کی چاہت کو، اور اسی طرح اپنے مالوں کو بلکہ اپنی جانوں کو بھی راہ خدا کے جہاد میں خرچ کرتے ہیں۔ یعنی یہ ان لوگوں کی طرح نہیں جو صرف زبان سے ہی ایمان کا دعویٰ کر کے رہ جاتے ہیں۔ اور منافقوں کی طرح حیلے بہانوں سے راہ فرار اختیار نہیں کرتے۔ ایسے ہی لوگ راست باز ہوتے ہیں۔