سورة الدخان - آیت 52
فِي جَنَّاتٍ وَعُيُونٍ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
باغوں اور چشموں میں
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
متقین جنت میں ایک دوسرے کے سامنے بیٹھے آرام و اطمینان سے محو گفتگو ہوں گے۔ جہنمیوں کو تو زقوم کا درخت اور آگ جیسا گرم پانی ملے گا اور انھیں جنتیں اور نہریں ملیں گی۔ مختلف قسم کے ریشمی پارچات انھیں پہننے کو ملیں گے جن میں نرم باریک بھی ہو گا اور دبیز چمکیلا بھی ہو گا۔ اس عطا کے ساتھ ہی انہیں حوریں بھی دی جائیں گی جو گورے چٹے پنڈے کی، بڑی بڑی رسیلی آنکھوں والی ہوں گی جن کے پاک جسم کو ان سے پہلے کسی نے چھوا بھی نہ ہو گا۔ وہ یاقوت و مرجان کی طرح ہوں گی اور کیوں نہ ہو کہ جب انہوں نے خدا کا ڈر دل میں رکھا اور دنیا کی خواہشوں کی چیزوں سے محض فرمان خداوندی کو مد نظر رکھ کر بچے رہے تو اللہ تعالیٰ ان کے ساتھ یہ بہترین سلوک کیوں نہ کرتا۔