سورة الدخان - آیت 29

فَمَا بَكَتْ عَلَيْهِمُ السَّمَاءُ وَالْأَرْضُ وَمَا كَانُوا مُنظَرِينَ

ترجمہ تیسیرالقرآن - مولانا عبد الرحمن کیلانی

پھر نہ آسمان ان پر رویا [٢١] اور نہ زمین اور نہ ہی انہیں کچھ مہلت دی گئی

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

زمین آسمان نہ روئے: کیوں کہ ان پاپیوں کے نیک اعمال تھے ہی نہیں جو اوپر چڑھتے اور ان کا سلسلہ منقطع ہونے پر آسمان روتے نہ زمین میں ان کی ایسی جگہیں تھیں کہ جہاں بیٹھ کر یہ اللہ کی عبادت کرتے ہوں اور آج انھیں نہ پا کر زمین کی وہ جگہ ان کا ماتم کرتی۔ مطلب یہ کہ آسمان و زمین میں سے کوئی بھی ان کی ہلاکت پر رونے والا نہیں۔ (فتح القدیر) مسند ابو یعلیٰ موصلی میں ہے، ’’ہر بندے کے لیے آسمان میں دو دروازے ہیں، ایک سے تو اس کی روزی اترتی ہے۔ اور دوسرے سے اس کے اعمال اور اس کے کلام چڑھتے ہیں، جب یہ مر جاتا ہے اور وہ عمل و رزق کو گم شدہ پاتے ہیں تو روتے ہیں، پھر اسی آیت کی نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے تلاوت فرمائی۔ (ترمذی: ۳۲۵۵)