سورة الشورى - آیت 12

لَهُ مَقَالِيدُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۖ يَبْسُطُ الرِّزْقَ لِمَن يَشَاءُ وَيَقْدِرُ ۚ إِنَّهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

آسمانوں اور زمین کی چابیاں اسی کے پاس ہیں [١٣]۔ وہ جس کے لئے چاہتا ہے زرق کشادہ کردیتا ہے اور جس کے لئے چاہتا ہے کم کردیتا ہے۔ بلاشبہ وہ سب کچھ جاننے والا ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

وہ آسمان و زمین اور ان کے درمیان کی کل مخلوق کا خالق ہے۔یہ اس کا احسان ہے کہ اس نے تمھاری ہی جنس اور تمہاری ہی شکل کے تمہارے جوڑے بنا دئیے، یعنی مرد اور عورت، اور چوپایوں کے جوڑے پیدا کیے جو آٹھ ہیں۔ وہ ایسی پیدائش پر جوڑے جوڑے پیدا کرتا جا رہاہے، یعنی نسلوں کی نسلیں پھیلا دیں۔ قرنوں گزر گئے اور یہ سلسلہ اسی طرح چلتا جاتا ہے۔ ادھر انسانوں کا اُدھر جانوروں کا۔ حق یہ ہے کہ خالق کے ساتھ کوئی اور نہیں، وہ فرد و صمد ہے۔ وہ بے نظیر ہے۔ وہ سمیع و بصیر ہے۔ آسمان و زمین کی کنجیاں اسی کے ہاتھ میں ہیں۔ سارے عالم کا متصرف، مالک، حاکم وہی یکتا اور وحدۂ لا شریک ہے۔ جسے چاہے کشادہ روزی دے، جس پر چاہے تنگی کر دے، اس کا کوئی کام حکمت سے خالی نہیں، کسی حالت میں وہ کسی پر ظلم کرنے والا نہیں۔ اس کا وسیع علم ساری مخلوق کو گھیرے ہوئے ہے۔