سورة غافر - آیت 65

هُوَ الْحَيُّ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ فَادْعُوهُ مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ ۗ الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

وہی زندہ [٨٧] ہے (جسے موت نہیں) اس کے سوا کوئی الٰہ نہیں۔ لہٰذا تم خالص اسی کی حاکمیت [٨٨] تسلیم کرتے ہوئے اسے پکارا کرو۔ ہر طرح کی تعریف اللہ رب العالمین کے لئے ہی ہے۔

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اللہ تعالیٰ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا وہ زندہ ہے جس پر کبھی موت نہیں وہی اول وہی آخر، وہی ظاہر وہی باطن ہے۔ اس کاکوئی وصف کسی دوسرے میں نہیں۔ اس کا نظیر یا برابر کوئی نہیں۔ لہٰذا تمہیں چاہیے کہ اس کی توحید کو مانتے ہوئے اس سے دعائیں کرتے رہو۔ تمام تر تعریفوں کا مالک وہی ہے۔ امام ابن جریر رحمہ اللہ فرماتے ہیں اہل علم کی ایک جماعت سے منقول ہے کہ لَا اِلٰہَ اِلاَّ اللّٰہُ پڑھنے والے کو ساتھ ہی اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ بھی پڑھنا چاہیے تاکہ اس آیت پر عمل ہو جائے ابن عباس سے بھی یہ مروی ہے (حاکم ۲/۴۳۸) حاکم اور ذھبی نے اسے صحیح کہا ہے۔