سورة الزمر - آیت 43

أَمِ اتَّخَذُوا مِن دُونِ اللَّهِ شُفَعَاءَ ۚ قُلْ أَوَلَوْ كَانُوا لَا يَمْلِكُونَ شَيْئًا وَلَا يَعْقِلُونَ

ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب

کیا ان لوگوں نے اللہ کے سوا کچھ اور سفارشی بنا رکھے ہیں؟ آپ ان سے کہئے کہ : اگر وہ کسی چیز کا اختیار ہی نہ رکھتے ہوں اور نہ عقل رکھتے [٥٩] ہوں (تو سفارش کیسے کریں گے؟)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

یعنی یہ بتوں اور معبودان باطل کو اپنا سفارشی اور شفیع سمجھے بیٹھے ہیں۔ اس کی کوئی دلیل ہے نہ حجت۔ نہ انہیں کچھ اختیار ہے نہ عقل و شعور۔ وہ تو پتھر اور جمادات ہیں۔ اس لیے اپنے نبی کو حکم دیا کہ ان سے کہہ دو کہ کوئی نہیں جو اللہ کے سامنے لب ہلا سکے۔ شفاعت کی تمام اقسام کا مالک صرف اللہ ہی ہے۔ اس کی اجازت کے بغیر کوئی سفارش نہیں کر سکے گا۔ پھر صرف ایک اللہ ہی کی عبادت کیوں نہ کی جائے۔ تاکہ وہ راضی ہو جائے اور شفاعت کے لیے سہارا ڈھونڈنے کی ضرورت نہ رہے۔ زمین و آسمان کا بادشاہ تنہا وہی ہے۔ قیامت کے دن تم سب کو اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ اس وقت وہ عدل کے ساتھ تم سب میں سچے فیصلے کرے گا۔ اور ہر ایک کو اس کے اعمال کا پورا پورا بدلہ دے گا۔