سورة يس - آیت 55
إِنَّ أَصْحَابَ الْجَنَّةِ الْيَوْمَ فِي شُغُلٍ فَاكِهُونَ
ترجمہ تیسیر القرآن - مولانا عبدالرحمن کیلانی صاحب
آج اہل جنت مزے اڑانے میں مشغول ہوں گے
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
جنت کے مناظر: جنتی لوگ میدان قیامت سے فارغ ہو کر بہ صد اکرام و تعظیم جنتوں میں پہنچائے جائیں گے۔ وہاں کی گوناگوں نعمتوں اور راحتوں میں مشغول ہوں گے۔ اس قدر مسرور ہوں گے کہ ہر ایک چیز سے بے خبر ہو جائیں گے۔ انھیں کنواری حوریں ملیں گی جن سے وہ لطف اندوز ہو رہے ہوں گے۔ ان کے ساتھ ہی ان کی بیویاں بھی ہوں گی۔ جنتی میوے دار درختوں کے ٹھنڈے اور گھنے سایوں میں بہ آرام تختوں پر تکیوں سے لگے بے غمی اور بے فکری کے ساتھ اللہ کی مہمانی کے مزے اُٹھا رہے ہوں گے۔ ہر قسم کے میوے ان کے پاس موجود ہوں گے اور بھی جس چیز کو جی چاہے گا اور جو خواہش ہو گی وہ پوری ہو گی۔